ہندوستان کی خواتین فٹ ٹیم دبئی پہنچی

دبئی،ستمبر۔ہندوستان کی سینئر خواتین فٹ بال ٹیم یو اے ای اور بحرین میں 2 اکتوبر سے شروع ہورہے دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے آج دبئی پہنچ گئی۔ درحقیقت یہ دوستانہ میچ ہندوستانی خواتین ٹیم کی اے ایف سی خواتین ایشین کپ کی تیاریوں کا حصہ ہیں جو اگلے سال ہندوستان میں منعقد ہونا ہے۔ ہندوستان کی ٹیم بحرین جانے سے پہلے متحدہ عرب امارات اور تیونس کی ٹیم کے خلاف بالترتیب 2 اور 4 اکتوبر کو دبئی میں دوستانہ میچ کھیلے گی ، اس کے بعد بحرین میں 10 اکتوبر اور 13 اکتوبر کو اس کا سامنا بالترتیب بحرین اور چینی تائی پےسے ہوگا۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ڈینربی نے ایک بیان میں کہا ، تمام لڑکیاں ایشین کپ کی تیاری کے لئے دوستانہ میچ کے لیے پرجوش ہیں ۔ ہم نے پچھلے مہینے جمشید پور میں سخت محنت کی تھی اور اب ہم کچھ سخت مخالفین کے خلاف خود کو پرکھنے کے لیے تیار ہیں۔ ٹیم کی کپتان اور سینٹر بیک آشالتا دیوی نے کورونا وبا کے بیچ اس مشکل وقت میں کیمپ اور بین الاقوامی میچوں کا اہتمام کرنے پر افسران کا شکریہ ادا کیا ہے۔

Related Articles