کشمیر 2022 میں ریل لنک کے ذریعے کنیا کماری سے جڑ جائے گا: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

سری نگر، ستمبر۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وادی کشمیر کو اگلے سال یعنی 2022 میں ریل لنک کے ذریعے کنیا کماری سے جوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری ہوابازی کے شعبے میں بھی کچھ بڑے فیصلے ہوئے ہیں جن کے تحت ہم اکتوبر میں سری نگر سے شارجہ کے لئے پہلی بین الاقوامی پرواز شروع کرنے جا رہے ہیں۔منوج سنہا نے یہ باتیں پیر کو یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس میں مختلف روڈ پروجیکٹس کے سنگ بنیاد یا تکمیل کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا: دریائے چناب پر بننے والا برج اگلے چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے مکمل ہونے کے ساتھ ہی وادی کشمیر اگلے سال ریل لنک کے ذریعے کنیا کماری سے جڑ جائے گی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شہری ہوابازی کے شعبے میں بھی کچھ بڑے فیصلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا: اکتوبر میں ہم شارجہ کے لئے پہلی بین الاقوامی پرواز شروع کرنے جا رہے ہیں۔ اس کی بدولت یہاں کی معیشت کو عروج ملے گا۔ یہ سچ ہے کہ ٹرانسپورٹ تبدیلی لاتا ہے اور میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ سڑکوں کی تعمیر میں تین گنا تیزی لائی گئی ہے ۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پچھلے ایک دو برسوں کے دوران تمام طرح کے ترقیاتی پروجیکٹوں میں تیزی لائی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا: ہماری کام کرنے کی رفتار دوگنی نہیں بلکہ تین گنا بڑھ گئی ہے۔ پچھلے سال ہم نے 5200 کلو میٹر سڑک کی میکڈامایزیشن کی ہے۔ رواں سال کا ہدف آٹھ ہزار کلو میٹر ہے ۔

Related Articles