سنتوش بھارتیہ کی کتاب ’’وی پی سنگھ ، چندرشیکھر،سونیاگاندھی اور میں ‘‘میں کئی پوشیدہ سیاسی پہلوسامنے آئے
کتاب کے اردوایڈیشن میں ڈاکٹر منظور عالم کی دانشورانہ مہارت کا اعتراف
نئی دہلی ،ستمبر(یواین آئی)ہندوستان کے بے باک ،بے خوف اور معتبرصحافی کے طورپر معروف مسٹر سنتوش بھارتیہ کی کتاب ’’وی پی سنگھ ، چندرشیکھر،سونیاگاندھی اور میں ‘‘کا اردوترجمہ منظرعام پر آچکاہے جس میں انھوں نے اس دور کی سیاسی سرگرمیوں کے کئی پوشیدہ پہلوؤں سے پردہ اٹھایاہے ۔اس کتاب کے منظرعام پر آنے سے اردوزبان کے مداح بھی استفادہ کرسکیں گے اور اس دورکے سیاسی حالات وواقعات سے بخوبی واقف ہوسکیں گے جو عام طورپرابھی تک لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہیں ۔جدوجہد آزادی میں مسلمانوں کی قربانیوں اور آزادی کے بعد ملک کی تعمیرمیں انکی خدمات کا اعتراف نہیں کیاجاتا یا برائے نام کیاجاتاہے ۔مسٹر سنتوش بھارتیہ نے اس دور کی سیاسی سرگرمیوں کے تعلق سے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے تحریرکیاہے کہ کس طرح سے حکومت سازی اور وزارت عظمی جیسے اہم عہدے کے لیے رہنما کے انتخاب میں مسلم دانشوروں اور سیاست دانوں نے اپنی گراں قدر آراء اور تجاویزپیش کیں۔ان میں ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظورعالم کانام خاص طورسے قابل ذکر ہے ۔مسٹر سنتوش بھارتیہ ڈاکٹر منظورعالم کے تعلق سے کہتے ہیں کہ انھوں نے ہمیشہ ہی سیکولرروایات واقدار کو برقرار رکھنے کی جدوجہد کی اور جب بھی ان سے مشاورت کی گئی تو انھوں نے ہندوستان میں بقائے بااہم کے اصول کو ملحوظ خاطررکھا۔مسٹر سنتوش بھارتیہ نے اس واقعہ پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے کہ کس طرح سے ڈاکٹر منظور عالم نےسال 2004میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وزیراعظم بنانے میں اہم رول اداکیا۔وہ لکھتے ہیں کہ ڈاکٹر منظورعالم نے انھیں فون کرکے بتایاکہ مسٹر احمدپٹیل ان سے ملناچاہتے ہیں اور انکے ذریعہ (سنتوش بھارتیہ )سابق وزیراعظم وی پی سنگھ کویہ پیغام بھیجا گیاکہ وہ حکومت سازی میں محترمہ سونیاگاندھی کی حمایت کریں ۔مسٹر سنگھ راضی بھی ہوگئے لیکن آخر میں محترمہ گاندھی نے خود وزیراعظم نہ بن کرڈاکٹر منموہن سنگھ کو یہ اعلی عہدہ دیدیا۔اس طرح سے ڈاکٹر منظور عالم اگر مسٹر سنتوش بھارتیہ کو مسٹر احمدپٹیل سے نہ ملواتے تو ڈاکٹر منموہن سنگھ کبھی وزیراعظم نہ بن پاتے ۔مسٹر سنتوش بھارتیہ مزید لکھتے ہیں کہ ڈاکٹر منظورعالم نے کس طرح سے راجستھان میں مسلم رہنماؤں کو اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے حق میں انتخابی مہم چلانے اور اسے ووٹ دینے کے لیے راضی کیااور نتیجہ کے طورپر وہاں کانگریس اقتدارمیں آگئی ۔مسٹر سنتوش بھارتیہ کی کتاب میں یہ اور اس جیسے متعد واقعات کا ذکر ہے جو نہ صرف قارئین کی دلچسپی کاباعث بنیں گے بلکہ اس دور کے سیاسی حالات سے واقف بھی کرائیں گے ۔