مودی حکومت کے 20 سال مکمل ہونے پر بی جے پی ’سمرپن ابھیان‘ چلائے گی
نئی دہلی ،4 ستمبر،مسٹرنریندر مودی کے سرکار میں 20 سال مکمل ہونے کے موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ملک بھر میں 17 ستمبر سے 7 اکتوبر تک ’ سیوا اور سمرپن ‘ مہم چلائے گی۔ مسٹر مودی نے پہلی مرتبہ 7 اکتوبر 2001 کو گجرات کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا تھا ۔ انہیں مرحوم کیشو بھائی پٹیل کی جگہ وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ مسٹرمودی اس بعد تین بار گجرات کے وزیر اعلیٰ رہے اور مئی 2014 میں انہوں نے وزیر اعظم کی حیثیت سے ملک کی باگ ڈور سنبھالی ۔ ان کے بحیثیت وزیر اعظم سات سال مکمل ہو گئے ہیں جو کہ کسی غیر کانگریسی وزیر اعظم کی سب سے طویل مدت کارہے ۔ مسٹر مودی کی سالگرہ 17 ستمبر کو ہے۔ بیس سال تک مسلسل بغیر کوئی الیکشن ہارے اور گجرات اور دہلی کے تخت پر براجمان ہونے والے مسٹر مودی کے لئے اس موقع پر بی جے پی اور حکومت نے ملک بھر میں کئی پروگرام منعقد کیے ہیں ، گجرات بی جے پی نے بھی الگ سے پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ مسٹر مودی گجرات کے احمد آباد سے تقریبا80 کلومیٹر دور ضلع مہسانا کے موڈیرا گاؤں میں سولر ولیج پروجیکٹ کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس پروجیکٹ پر تقریبا 69 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔ اس گاؤں میں 1690 گھر 24 گھنٹے شمسی توانائی سے تیار بجلی سے روشن ہوں گے ۔ اس منصوبہ کو پی پی پی یعنی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے ۔ موجودہ وقت میں تو اس گاؤں کو صرف 10 ہزار یونٹ فی گھنٹہ بجلی ضرورت ہے ، لیکن اس سولر ولیج پراجیکٹ سے ڈیڑ لاکھ یونٹ فی گھنٹہ تک بجلی مل سکے گی ۔ اس کے لیے چھ میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ موڈیرا گاؤں سے تین کلومیٹر دور پر سجان پورہ گاؤں میں 12 ہیکٹر کے علاقے میں تیار کیا گیا ہے۔ رات کو بجلی کی فراہمی کے لیے بیٹری انرجی سسٹم لگایا گیا ہے۔