چین کو جواب دینے کے لیے فضائیہ مضبوطی سے تعینات ہے: ایئرچیف مارشل بھدوریہ
نئی دہلی، فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل آر کے ایس بھدوریہ نے آج کہا کہ چین کی جانب سے کسی بھی حرکت کا جواب دینے کے لیے فوج نے ہر جگہ پر تعیناتی کر رکھی ہے اور وہ دو محاذ پر ایک ساتھ نمٹنے کے لی بھی پوری طرح تیار ہے۔
ایئرچیف مارشل بھدوریہ؛ فضائیہ کے یوم تاسیس آٹھ اکتوبر سے پہلے آج یہاں روایتی سالانہ پریس کانفرنس میں سوالوں کے جواب میں کہا کہ لداخ تو چھوٹا علاقہ ہے، ہم نے ہر جگہ مکمل مضبوطی کے ساتھ تعینات کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا،’ ہم نے مکمل تیاری کے ساتھ ہر جگہ تعیناتی کر رکھی ہے اور سوال نہیں اٹھتا کہ کسی بھی تصادم کی صورتحال میں چین ہم پرعبور پا سکتا ہے‘۔ شمال۔مشرق کے بارے میں خصوصی طور پر پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہاں بھی ہماری تعیناتی اور تیاری دونوں ہے ساتھ ہی فضائیہ کے پاس یہ صلاحیت ہے کہ وہ اپنے طیاروں اور دیگر ساز و سامان کو ضرورت پڑنے پر فوراً ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضائیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور اس میں دو محاذ پر ایک ساتھ لڑائی کی صورتحال بھی شامل ہے۔ فضائیہ تمام پہلو کو دھیان رکھتے ہوئے تمام صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ چین کی حرکت کے بارے میں درست ڈھنگ سے پہلی بار مئی میں پتہ چلا اور اس کے بعد ہم فوراً حرکت میں آ گئے۔ یہ کہنا غلط ہوگا کہ ہمیں حیرت ہوئی لیکن ہمیں اس کی توقع نہیں تھی۔ چین کی فوج عام طور پر اس وقت مشق کرتی ہے لیکن اس بار اس نے یہ حرکت کی۔ جیسے ہی ہمیں پتہ چلا، ہم نے فوراً اقدام کیا۔ فوج کی جو بھی ضرورت تھی جوانوں کو لے جانے کی یا دیگر ساز و سامان پہنچانے کی وہ فوراً مکمل کی گئی۔ اس بار کسی طرح کی کمی نہیں چھوڑی گئی۔ پہلے کبھی اتنی چابک دستی سے کام نہیں ہوا۔
ایک دیگر سوال کے جواب میں فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ جہاں تک چین کے پاک مقبوضہ کشمیر میں واقع اسکاردو ایئر بیس کا استعمال ہندوستان کے خلاف کرنے کی بات ہے‘ یہ اوپن آپشن کی طرح ہے۔ اگر چین اسکاردو کا استعمال کرتا ہے تو یہ ملی بھگت پر مبنی خطرہ ہوگا اور ہم اسی کے مطابق اس سے نمٹیں گے۔