حکمت عملی کے مطابق کارکردگی نہیں کرسکے: اسمتھ

دبئی ،  کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف شکست کے بعد راجستھان رائلز کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم اس میچ میں حکمت عملی کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی۔
پچھلے میچ میں معجزاتی طور پر جیت درج کرنے اور کولکتہ نائٹ رائڈرز سے میچ میں شکست کے بعد مایوس راجستھان رائلز کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ان کے بلے باز وکٹ کے مطابق نہیں ڈھل پارہے ہیں اور فیلڈ کے سائز کا اندازہ لگانے میں غلطی کی۔ اپنے آخری دو میچوں میں شارجہ میں 200 سے زیادہ رنز کے کے ہدف کو حاصل کرنے والی رائلز 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نو وکٹوں پر 137 رن ہی بنا سکی۔
شکست کے بعد اسمتھ نے کہا کہ یہ ٹی 20 کرکٹ میں ہوتا ہے۔ ہم نے شروع میں بہت وکٹیں گنوا دیں اور ہمارے بہت سے بلے بازوں نے محسوس کیا کہ وہ ابھی بھی شارجہ میں کھیل رہے ہیں۔ یہ گراؤنڈ بہت بڑا تھا اور انہوں نے بہت چوکے اور چھکے نہیں لگائے۔انہوں نے کہا کہ ہم وکٹ کے مطابق نہیں ڈھل سکے اور فیلڈ کے سائز کا اندازہ لگانے میں غلطی کی۔
اس دوران دو اہم وکٹیں لینے کے علاوہ دو کیچ لینے والے نوجوان بولر کملیش ناگرکوٹی نے کہا کہ انھوں نے اپنی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے پر توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ لینا ضروری تھا اور چونکہ ہم پر دباؤ تھا اس لئے میں نے صرف اپنی حکمت عملی پر عمل کیا۔
ناگرکوٹی نے کہا کہ میں اپنے کنبہ اور تعاون کرنے والے عملے کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کے علاوہ دراوڑ سر (راہل دراوڑ) اور ابھیشیک بھیا (شرما) کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔ یہ ایک بہت اچھا تجربہ ہے۔ میں پیٹ کمنس سے بہت کچھ سیکھ رہا ہوں اور میچ میں اس پر عمل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

Related Articles