سدرشن نیوز پروگرام کے معاملے میں پانچ اکتوبر تک سماعت ملتوی

نئی دہلی ،سپریم کورٹ نے بدھ کے روز سدرشن نیوز کے ‘بنداس بول’ شو کے خلاف درخواست کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس اندو ملہوترا اور جسٹس کے ایم جوزف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیروز اقبال کی درخواست کی اگلی سماعت کے لئے 5 اکتوبر دوپہر 2 بجے کا وقت مقرر کیا۔
سماعت کے دوران مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ، سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے ڈویژن بینچ کو آگاہ کرایا کہ مرکز نے سدرشن نیوز چینل کو آج ہی چار صفحات کا نوٹس جاری کیا ہے۔
مسٹر مہتا نے کہا کہ ’وجہ بتاؤ ‘ نوٹس میں پوچھا گیا ہے کہ چینل پروگرام کوڈ کی خلاف ورزی کے معاملے میں 28 ستمبر کی شام 5 بجے تک اپنا موقف پیش کرےکہ اس کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے؟ انہوں نے کہا کہ اگر نوٹس کا جواب نہیں دیا گیا تو یکطرفہ فیصلہ کیا جائے گا۔
سالیسیٹر جنرل نے اعتراف کیا کہ پہلی نظر میں چینل کا پروگرام کوڈ کے مطابق نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی مسٹر مہتا نے سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ اس پر عدالت نے معاملے کی سماعت 5 اکتوبر دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی ۔

Related Articles