فضائیہ کی وراثت کو محفوظ رکھنا ضروری : راجناتھ
نئی دہلی، مئی۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ فضائیہ نے ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں اہم رول ادا کیا ہے اور آنے والی نسلوں کے لئے اس شاندار ورثے کو محفوظ رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔پیر کو چندی گڑھ میں ملک کے پہلے ایئر فورس ہیریٹیج سینٹر کا افتتاح کرنے کے موقع پر مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ فضائیہ کے بہادر جنگجوؤں کو ایک عاجزانہ خراج عقیدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ان ہیروز کی ایثار و قربانی کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔وزیر دفاع نے کہا، "ہندوستانی فضائیہ نے ہمارے ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہمارے ملک کو آزادی ملنے کے بعد کئی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں ہماری فضائیہ اس ملک کی سلامتی میں ایک مضبوط دیوار کی طرح کھڑی رہی ہے۔ ہندوستانی فضائیہ کا ایک شاندار ورثہ ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھیں۔ یہ مرکز فضائیہ کی تاریخ کو محفوظ کرنے اور مسلح افواج کی اقدار کو اپنانے کے لیے نوجوانوں کو تحریک دینے کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر کام کرے گا۔سماج کی ترقی کے لیے سیکورٹی کے نظام کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا، "کسی بھی قوم اور سماج کی ترقی وہاں کے سیکورٹی نظام پر کافی حد تک منحصر ہوتی ہے۔ بلکہ میں یہ کہوں گا کہ انسانی زندگی کی ترقی کے لیے سلامتی اولین ضرورت ہے تو یہ غلط نہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے چندی گڑھ میں ‘ سینٹر فار سائبر آپریشن اینڈ سیکورٹی ‘ قائم کیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے چندی گڑھ اور پڑوسی ریاستوں کی انتظامیہ اور پولیس فورس جرائم کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ یہ سائبر خطرات سے نمٹنے پر مرکوز ایک مرکز ہے۔اس موقع پر پنجاب کے گورنر اور چندی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر بنواری لال پروہت اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری بھی موجود تھے۔