دھامی نے وزیراعظم مودی سے ملاقات کی، تحفے میں چار دھام کا جل اور رودرکش دیا
نئی دہلی، مئی ۔اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے پیر کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے خیر سگالی ملاقات کی اور انہیں چار دھام کا پرساد، گنگا جل اور رودرکش کی مالا پیش کی اورریاست کی ترقی میں خصوصی توجہ دینے کے لئے ان کے تئیں اظہار تشکر کیا۔مسٹر دھامی نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک مسٹر مودی سے ملاقات کی اور ریاست میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے بعد انہیں ترقیاتی کاموں کے بارے میں جانکاری دی اور ان سے خصوصی تعاون کرنے کی درخواست کی۔اتراکھنڈ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ مسٹر دھامی نے میٹنگ کے دوران مسٹر مودی کو بتایا کہ ان کی حکومت نے اگلے 5 برسوں میں ریاست کی جی ڈی پی کو 5.5 لاکھ کروڑ کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اکتوبر-نومبر میں سیاحت، زراعت، صنعت، صحت، تعلیم اور خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک سرمایہ کار کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے لیے مسٹر دھامی نے مسٹر مودی سے اس کے افتتاح کے لیے وقت دینے کی درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے مسٹر مودی کو چار دھام یاترا کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ عقیدت مندوں کی ریکارڈ تعداد چار دھام کے درشن کے لیے پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے جوشی مٹھ میں امدادی کاموں کے بارے میں بھی بتایا اور وزیر اعظم نے جوشی مٹھ کے لیے مرکز کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو یہ بھی بتایا کہ ریاست میں شہری علاقوں کی ترقی کے لیے سرگرمیاں جاری ہیں، جس کے تحت 05 سے 07 نئے شہروں کی ترقی کا ہدف ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں، ادھم سنگھ نگر کے کیچھا میں 2000 ایکڑ کے پراگ فارم میں شہر کو ترقی دینے کی تجویز ہے۔ اس کے لیے 1000 کروڑ روپے فوری طور پر دستیاب کرانے کی درخواست کی گئی ہے۔ یہ گرین فیلڈ سٹی پنت نگر ریلوے اسٹیشن کے قریب ہائی وے 47 پر رودر پور سے محض 15 کلومیٹر دور واقع ہوگی۔ اس شہر کی ترقی پر تقریباً 7000 کروڑ کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس میں 50 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا اور تقریباً دو لاکھ لوگوں کو رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔