سول اکاؤنٹس آفیسر مالی جوابدہی اور شفافیت لانے کے لیے کام کریں: مرمو
نئی دہلی، اپریل۔صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کو کہا کہ سول اکاؤنٹس سروس کے افسران کو اکاؤنٹنگ کے عمل اور اکاؤنٹنگ رپورٹس کے ذریعے حکومت میں مالی جوابدہی کویقینی بنانے اور عوامی انتظامیہ میں شفافیت لانے کی سمت میں کام کرنا چاہیے۔انڈین سول اکاؤنٹس سروس (2018-2021 بیچ) کے افسران نے آج یہاں راشٹرپتی بھون میں محترمہ مرمو سے ملاقات کی۔افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ وہ ملک کی مالیاتی انتظامیہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سرکاری ملازمین کی حیثیت سے افسران سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور آئین میں درج اقدار کو برقرار رکھیں۔ صدر نے کہا کہ وہ جس بھی ادارے یا محکمے میں تعینات ہوں، انہیں اپنے کام کے مقاصد کا علم ہونا چاہیے۔ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے مقصد سے انحراف نہیں کرنا چاہیے۔ صدر نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود اور ملک کی جامع ترقی کے مقصد کے ساتھ کام کریں۔محترمہ مرمو نے کہا کہ انڈین سول اکاؤنٹس سروس نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ اکاؤنٹنگ کے عمل اور اکاؤنٹنگ رپورٹس حکومت میں مالی جوابدہی کو یقینی بنانے اور عوامی انتظامیہ میں شفافیت لانے کا ذریعہ بنیں۔ پبلک فنانشل مینجمنٹ کا ایک مضبوط نظام ملک میں مساوی اور جامع ترقی کو فروغ دینے میں مدد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پبلک فنانشل مینجمنٹ کے کلیدی محرک کے طور پر،انڈین سول اکاؤنٹس سروس کے افسران سے توقع ہے کہ وہ ایسے نظاموں کو ڈیزائن، تیار اور نافذ کریں جو بین الاقوامی سطح پر بھی ایک ماڈل بن جائیں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ میکانائزیشن اور ٹیکنالوجی کے استعمال نے ملک میں حکمرانی کا نمونہ بدل دیا ہے۔ ہم نے حکمرانی کے نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں تیزی سے اضافہ دیکھا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن اور آن لائن خدمات کی فراہمی سے عوامی انتظامیہ میں شفافیت اور جواب دہی میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے۔ نئے اکاؤنٹنگ سافٹ ویئرز اور کلاؤڈ اسٹوریج ٹیکنالوجیز کی آمد کے ساتھ، اکاؤنٹنگ کے عمل کو زیادہ ہموار اور درست بنانے کی زیادہ گنجائش ہے۔