فرانسیسی اسپائیڈر مین کا بلند عمارت پر چڑھ کر احتجاج
پیرس،اپریل۔فرانس کے کوہ پیما ایلین رابرٹ جنہیں ‘‘فرانسیسی اسپائیڈرمین’’ بھی کہا جاتا ہے، نے دارالحکومت میں فلک بوس عمارت پر چڑھ کر حکومت کے پینشن سے متعلق نئے قانون کیخلاف مظاہرہ کیا۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلین رابرٹ نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے پینشن قانون کیخلاف عوام کی حمایت میں پیرس کی ایک 38منزلہ فلک بوس عمارت پر چڑھ کر مظاہرہ کیا۔رابرٹ نے پیرس کے لا ڈیفنس بزنس ڈسٹرکٹ کی 492فٹ بلند عمارت پر چڑھنے سے پہلے میڈیا کو بتایا کہ میں یہاں ان لوگوں کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کر رہا ہوں جو پنشن قانون کیخلاف ہیں جس میں ریٹائر منٹ کی عمر کو بڑھا دیا گیا ہے کوہ پیما کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں یہاں (صدر) ایمانوئل میکرون کو یہ بتانے آیا ہوں کہ وہ جو بغیر حفاظتی جال کے اوپر گئے تھے، اب زمین پر واپس آجائیں۔