دہلی حکومت نے مزدوروں کو مفت بس پاس دینے کا اعلان کیا
نئی دہلی، اپریل ۔ دہلی حکومت نے مزدوروں کو ڈی ٹی سی بس میں سفر کرنے کے لیے مفت پاس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔دہلی کے وزیر اعلی کے دفتر نے پیر کے روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے محکمہ محنت و مزدوری کے ساتھ اہم جائزہ میٹنگ میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے محکمہ کو حکم دیا کہ وہ دہلی میں رجسٹرڈ تمام 13 لاکھ مزدوروں کو سرکاری سہولیات اور اسکیموں کا فائدہ پہنچانے کے لیے کام کرے۔میٹنگ میں تمام رجسٹرڈ مزدوروں کو بسوں میں مفت سفر کے لیے سالانہ ڈی ٹی سی پاس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزدوروں کی رہائش کے لیے مکانات اور ہاسٹل کے انتظامات کے ساتھ ساتھ تمام مزدوروں کے بچوں کے لیے مفت کوچنگ کا انتظام کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تمام مزدوروں کو ٹول کٹس دی جائیں گی اور ان کے لیے بڑے پیمانے پر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام چلائے جائیں گے۔ تمام مزدوروں کو ای ایس آئی اسکیم اور گروپ انشورنس دیا جائے گا۔