آرامکو میں ریاستی ملکیت کا 4 فیصد سنابیل انویسٹمنٹ کو منتقل کرنے کا اعلان
ریاض،اپریل۔سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے عربین آئل کمپنی (آرامکو سعودیہ) میں ریاست کے حصص میں سے 4 فیصد حصص کو سعودی عربین انویسٹمنٹ کمپنی (سنابیل انویسٹمنٹ) کو منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔ سنابیل انویسٹمنٹ مکمل طور پر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے۔اقتصادی اور ترقیاتی امور کی کونسل کے چیئرمین اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا کہ آرامکو میں مملکت سب سے بڑی شیئر ہولڈر کے طور پر باقی رہے گی۔ولی عہد نے کہا کہ کہ سعودی آرامکو میں ریاست کے حصص کے کچھ حصے کی ملکیت کی منتقلی مملکت کے ان اقدامات کے تسلسل کے طور پر سامنے آئی ہے جس کا مقصد طویل مدت میں قومی معیشت کو مضبوط کرنا، اس کے وسائل کو متنوع بنانا اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔یہ اقدامات سعودی عرب کے ’’ ویڑن 2030‘‘ کے اہداف کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ مملکت کے فنڈز کی اس منتقلی سے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اثاثوں کو زیادہ سے زیادہ بنانے اور اس کی سرمایہ کاری کے منافع کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اس طرح فنڈ کی مضبوط مالی پوزیشن اور کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ہوگا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد نے بتایا کہ حصص کی اس منتقلی کے بعد بھی مملکت سعودی آرامکو میں کے کل حصص کے 90.18 فیصد کے ساتھ سب سے بڑی شیئر ہولڈر ہے۔