امت شاہ اروناچل پردیش میں ‘وائبرینٹ ولیج پروگرام کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی، اپریل۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پیر کے روز اروناچل پردیش کے دو روزہ دورے پر ہوں گے اور ضلع انجاو کے سرحدی گاؤں کیبیتو میں ‘وائبرینٹ ولیج پروگرام کا آغاز کریں گے۔حکومت نے 4800 کروڑ روپے کی مرکزی شراکت کے ساتھ ‘وائبرنٹ ولیج پروگرام’ (VVP) کو منظوری دی ہے جس میں 2500 کروڑ روپے خاص طور پر مالی سال 2022-23 سے 2025-26 کے دوران روڈ کنیکٹیویٹی کے لیے شامل ہیں۔ وی وی پی ایک اختراعی اسکیم ہے، جس کے تحت جامع ترقی کے لیے اروناچل پردیش، سکم، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کی شمالی سرحد کے ساتھ 19 اضلاع کے 46 بلاکس میں 2967 گاؤں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں ترجیحی بنیاد پر 662 گاؤں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں اروناچل پردیش کے 455 گاؤں بھی شامل ہیں۔وائبرنٹ ولیج پروگرام سے نشان زد سرحدی دیہاتوں کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور انہیں اپنے آبائی مقامات پر رہنے کی ترغیب دی جائے گی جس سے ان دیہاتوں سے نقل مکانی کو روکا جائے گا اور سرحد کی حفاظت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔