بی جے پی 9 اپریل کو کرناٹک میں امیدواروں کی فہرست کرے گی جاری: بومائی

شیموگا، اپریل۔ کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے جمعہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 9 اپریل کو دہلی میں پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے بعد اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کرے گی۔مسٹر بومئی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا ’’امیدواروں کے انتخاب کا عمل جمہوری طریقے سے کیا گیا ہے۔ ہر حلقے کے لیے تین امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ہم کل اور پرسوں دہلی میں امیدواروں کے ناموں پر بات کریں گے اور فہرست جاری کریں گے۔‘‘مسٹر بومئی اور سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کے لیے آج دہلی جائیں گے۔ اس دوران ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔کانگریس میں اختلافات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حریف پارٹی کے پاس 60 سیٹوں پر امیدوار نہیں ہیں، اس لیے وہ بی جے پی کے موجودہ ممبران اسمبلی سے رابطہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ’’کانگریس کے پاس 60 سیٹوں پر امیدوار نہیں ہیں۔ دوسری فہرست جاری کرنے سے پہلے، انہوں نے ہمارے ایم ایل اے سے دوبارہ رابطہ کیا اور کہا کہ اگر وہ کانگریس میں شامل ہونے پر راضی ہیں تو ہم ٹکٹوں کو التوا میں رکھیں گے۔ یہ کانگریس پارٹی کی حالت ہے۔‘‘اٹھانی میں بی جے پی کیمپ میں ناراضگی پر، وزیراعلی نے کہا کہ ٹکٹ کے خواہشمندوں، ممبر قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) لکشمن ساوادی اور مہیش کمتھلی کے درمیان اس مسئلہ کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کانگریس نے اب تک 166 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے اور جنتا دل سیکولر (جے ڈی-ایس) نے 93 ناموں کا اعلان کیا ہے۔ توقع ہے کہ جنتا دل سیکولر آج دوسری فہرست جاری کرے گی۔

Related Articles