مشروط پاسپورٹ جاری کرکے مجھے بنیادی حق سے محروم کیا گیا ہے: التجا مفتی

سری نگر، اپریل۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی کا کہنا ہے کہ مشروط پاسپورٹ جاری کرکے مجھے بنیادی حق سے محروم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا: جو پاسپورٹ مجھے جاری کیا گیا ہے وہ دو سالوں کے لئے ہے اوراس میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ مجھے صرف متحدہ عرب امارات جانے کی اجازت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میں عدالت میں اپنے اس حق کے لئے قانونی جنگ جاری رکھوں گی۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: میں نے سال گذشتہ کے ماہ جون میں پاسپورٹ کے لئے دوبارہ درخواست جمع کی تھی ۔ان کا کہنا تھا: مجھے جو پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے وہ دو سال تک ہے اور اس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ مجھے صرف متحدہ عرب امارات جانے کی اجازت ہے ۔التجا مفتی نے کہا کہ ریجنل پاسپورٹ افسر نے عدالت میں کہا کہ ہم نے اس کو پاسپورٹ جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا: میں بھارت کی ایک شہری ہوں قانون کی پابند ہوں میں نے کبھی قانون نہیں توڑا ہے بیرون ملک سفر کرنا میرا بنیادی حق ہے جس سے مجھے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا: مجھے عرضی واپس لینے کے لئے دبائو ڈالا جا رہا ہے ۔موصوفہ نے کہا کہ میں پاسپورٹ کی حقدار اس لئے نہیں ہوں کہ میں محبوبہ مفتی کی بیٹی ہوں بلکہ میں پاسپورٹ کی حقدار اس لئے ہوں کیونکہ میں بھارت کی ایک شہری ہوں۔انہوں نے کہا: اگر میں سرکار کے خلاف بات کرتی ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں ملک کے خلاف ہوں ۔ان کا کہنا تھا: جس طرح پاسپورٹ حاصل کرنا میرا بنیادی حق ہے اسی طرح اپنی رائے کا اظہار کرنا بھی میرا بنیادی حق ہے ۔التجا مفتی نے کہا کہ مجھے مشروط پاسپورٹ اجرا کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ افسر نے پاسپورٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ان کا کہنا تھا: میں عدالت میں پاسپورٹ حاصل کرنے کے لئے قانونی جنگ جاری رکھوں گی اور مجھے عدالت پر پورا یقین ہے کہ مجھے پاسپورٹ دیا جائے گا ۔

Related Articles