فریدآباد میں ٹرک کی زد میں آنے سے نوجوان کی موت

فریدآباد، ۔ہریانہ کے فریدآباد ضلع کے بلبھ گڑھ میں سڑک حادثے کے دوران ایک 28 سالہ نوجوان کی موت ہوگئی۔ حادثہ اتوار کی رات سوہنا روڈ پر سرورپور چوک کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل بے قابو ہوکر سڑک پر پلٹ گئی اور پیچھے سے آنے والے ٹرک نے نوجوان کو کچل دیا۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
متوفی کی شناخت یوگیش شرما کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ بلبھ گڑھ کی وشنو کالونی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یوگیش ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد موٹر سائیکل سے گھر واپس جارہا تھا۔ جب وہ سوہنا روڈ پر سرورپور چوک کے قریب پہنچا تو اس کی موٹر سائیکل کا توازن بگڑ گیا اور وہ سڑک پر گر گئی۔ اسی دوران سوہنا کی طرف سے بلبھ گڑھ جانے والا ٹرک اس کی زد میں آگیا، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوگیا اور موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔یوگیش اپنے خاندان کا اکلوتا سہارا تھا۔ اس کی شادی دو ماہ بعد طے تھی اور گھر میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں۔ حادثے کی خبر ملتے ہی اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔حادثے کے بعد موقع پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس ٹیم نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بی کے سول اسپتال بھیج دیا۔
پہاڑیہ کالونی چوکی پولیس کے مطابق، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ پولیس اس کی شناخت کرنے اور اسے گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ حادثہ کن حالات میں پیش آیا، اس کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔

Related Articles