این سی ڈبلیو پائل گھوش کے جنسی استحصال معاملے کی جانچ کرے گا

نئی دہلی ، قومی خواتین کمیشن کی صدر ریکھا شرما نے اتوار کے روز کہا کہ اداکارہ پائل گھوش کی جانب سے بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار انوراگ کشیپ کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات کی جانچ کی جائے گی۔

محترمہ شرما نے کہا کہ انہوں نے اداکارہ سے کمیشن اور متعلقہ تھانے میں اس معاملے کی شکایت درج کرانے کے لئے کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اداکارہ نے ٹویٹر پر فلم ڈائریکٹر پر جنسی استحصال کا الزام عائد کیا ہے جس سے کمیشن کو اس معاملے کی اطلاع ملی۔

کمیشن کی صدر نے کہا کہ این سی ڈبلیو میں شکایات کرنے کے طریقہ کار کا لنک اداکارہ کو بھیج دیا گیا ہے ۔ کمیشن اس معاملے کی جانچ کرے گا۔

پائل گھوش نے ہفتے کے روز ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انوراگ کشیپ پر 15۔2014کے دوران جنسی استحصال کا الزام عائد کیا تھا۔ اداکار نے ٹویٹر کے ذریعہ ہدایت کار پر الزام عائد کیا اور ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی سے درخواست کی کہ وہ انوراگ کشیپ کے خلاف سخت قدم اٹھائیں۔

پائل گھوش نے مزید کہا کہ ’ میں جانتی ہوں کہ مجھے نقصان پہنچ سکتا ہے اور میری سلامتی کو خطرہ ہے۔ براہ مہربانی میری مدد کریں۔ انوراگ کشیپ نے ان پر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دیر رات ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’ ابھی تو بہت حملے ہونے والے ہیں۔ یہ بس شروعات ہے‘۔

 

Related Articles