اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باعث لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

نئی دہلی، اپریل ۔لوک سبھا میں اڈانی معاملے پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے مطالبے پر اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کے باعث بدھ کو ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔جیسے ہی پریزائیڈنگ آفیسر رما دیوی نے التوا کے بعد 2 بجے ایوان کی کارروائی شروع کی تو اپوزیشن ارکان نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر ٹیبل کے سامنے نعرے بازی شروع کردی۔ اپوزیشن ارکان نے جے پی سی کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی۔پریزائیڈنگ آفیسر نے ہنگامہ آرائی کے درمیان ضروری کاغذات میز پر رکھوائے۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان مرکزی وزیر برائے ماہی پروری، حیوانات اور ڈیری پروشوتم روپالا نے کوسٹل ایکوا کلچر اتھارٹی ترمیمی بل، 2023 کو پیش کیا۔پریزائیڈنگ افسر کی بار باردرخواست کے بعد اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر نہیں گئے جس کے باعث ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی گئی۔اس سے پہلے جیسے ہی پریزائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے وقفہ سوال شروع کیا، اپوزیشن کے ارکان نے ہنگامہ اور نعرہ لگاتے ہوئے کرسی کے سامنے آگئے۔پریزائیڈنگ آفیسر نے ہنگامہ کرنے والے ارکان کو پرسکون رہنے اور اپنی نشستوں پر جانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں عوام سے متعلق سوالات اٹھانا ضروری ہے، اس لیے انہوں نے ارکان پر زور دیا کہ وہ وقفہ سوالات کو جاری رہنے دیں، لیکن ہنگامہ کرنے والے ارکان نے ان کی بات پر کوئی توجہ نہیں دی۔مسٹر اگروال نے ہنگامہ آرائی کے درمیان وقفہ سوالات چلانے کی کوشش کی لیکن احتجاج کے لئے سیاہ لباس میں آئے اپوزیشن کے ارکان کی ہنگامہ آرائی مزید بڑھ گئی، جس کی وجہ سے پریذائیڈنگ آفیسر نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک کے لیے ملتوی کردی۔

Related Articles