راجیہ سبھا کی کارروائی بدھ تک ملتوی کر دی گئی
نئی دہلی، اپریل۔ راجیہ سبھا کی کارروائی اڈانی معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔دوپہر کے کھانے کے وقفے کے بعد جب کارروائی شروع ہوئی تو چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے ارکان کویوم راجیہ سبھا کی مبارکباد دی اور ارکان سے ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان بالا ہے جہاں مسائل پر غور و خوض ہونا چاہیے۔ یہ وہ جگہ نہیں ہے جس میں کوئی خلل پیدا ہو۔اس کے بعد جیسے ہی انہوں نے کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی تو کانگریس ارکان نے نعرے بازی شروع کردی اور اپنی نشستوں سے اٹھ کر کرسی کی طرف آگئے۔ اسپیکر نے مسابقتی (ترمیمی) بل 2023 کو کانگریس کے ارکان کے ہنگامے کے درمیان منظور کرایا۔ بل کو بغیر کسی بحث کے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی بدھ تک ملتوی کر دی۔صبح جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، کانگریس کے ارکان شور مچاتے ہوئے ایوان کے بیچ میں آگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ اس دوران ترنمول کانگریس، شیو سینا، جنتا دل (یو) اور دیگر کئی جماعتوں کے ارکان اپنی نشستوں کے قریب کھڑے ہوگئے۔ ہنگامہ آرائی کے دوران ہی ضروری کاغذات میز پر رکھے گئے۔بعد ازاں اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی۔ آج کانگریس کے ارکان سیاہ کرتہ پہن کر ایوان میں آئے جبکہ ترنمول کانگریس کے ارکان چہروں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر آئے۔ اپوزیشن پارٹی کے ارکان اڈانی کیس کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔