دہلی شراب معاملہ، کویتا کی عرضی پر سپریم کورٹ نے سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی
حیدرآباد ،مارچ ۔سپریم کورٹ نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے دہلی شراب معاملہ میں بی آرایس لیڈر کے کویتا کی جانب سے داخل کردہ عرضی کی سماعت تین ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔کویتا نے ای ڈی کے سمن کے خلاف یہ درخواست داخل کی تھی۔کویتا، دہلی شراب پالیسی معاملہ سے متعلق منی لانڈرنگ کے سلسلہ میں ای ڈی کی جانب سے طلبی پر تین مرتبہ مرکزی ایجنسی کے سامنے حاضر ہوئی ہیں۔جسٹس اجئے رستوگی اور جسٹس بیلاایم تری ویدی پر مشتمل بنچ نے ان کی عرضی کی سماعت کی۔سینئر وکیل کپل سبل اور وکرم چودھری نے کویتا کی طرف سے بحث کی۔ کپل سبل نے سوال کیا کہ جب کویتا ملزم نہیں ہیں تو انہیں پوچھ تاچھ کے لیے کیسے بلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ کویتا کو جاری کردہ ای ڈی سمن کو منسوخ کیا جائے اور گھر پر ان سے پوچھ تاچھ کی جائے۔کویتا نے اپنی درخواست میں کہا کہ ان کوای ڈی کی جانب سے طلب کرنے کے لئے پی ایم ایل اے ایکٹ کی دفعہ 50کے تحت جو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں وہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160سے ٹکراتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کے وکیل کی موجودگی میں ان کے بیان کی ویڈیوریکارڈنگ کرنی چاہئے۔سالیسٹر جنرل تشارمہتا اور ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل ایس وی راجو نے ای ڈی کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ عام نوعیت کا نہیں ہے۔