سڑکوں پر زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عوام بالخصوص نوجوانوں کی ذہنیت کو بدلنا ہوگا: لوک سبھا اسپیکر
نئی دہلی؛ مارچ، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج نئی دہلی میں کانسٹی ٹیوشن کلب سے ایک کار ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا کار ریلی میں ممبران پارلیمنٹ کے علاوہ دفاعی اور نیم فوجی دستوں کے افسران، صنعت کاروں کے ساتھ ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس سال کی کار ریلی کا تھیم ‘روڈ سیفٹی ہے۔کار ریلی کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ملک میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی لمبائی اور معیار میں بے مثال اضافہ ہوا ہے۔ نیز ہماری شاہراہیں اور سڑکیں تعداد، لمبائی اور معیار میں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ مشن گتی شکتی کے ذریعے جہاں لوگوں کی سماجی و اقتصادی زندگی میں تاریخی تبدیلیاں آئی ہیں ،وہیں دوسری طرف سڑک حادثات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سڑک حادثات میں جانیں گنوانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ تشویشناک بات ہے ۔لوک سبھا کے اسپیکر نے بتایا کہ ہمارے ملک میں ہر سال 4 لاکھ سے سڑک زیادہ حادثات ہوتے ہیں اور اس میں ہر سال 1.5 لاکھ سے زیادہ افراد موت کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ اگر ایک سال کے روڈ ایکسیڈنٹ کا معاشی طور پر اندازہ لگایا جائے تو یہ ہماری جی ڈی پی کے تقریباً 1 فیصد کے برابر ہوگا۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ سڑک حادثات سے خاندان، معاشرہ اور ملک سب کا نقصان ہوتا ہے۔روڈ سیفٹی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہر کوئی ٹریفک کے قوانین اور سڑک پر چلنے سے متعلق چیزوں کو جانتا ہے، لیکن وہ ان پر عمل نہیں کرتا ۔ اگر ہم چھوٹی چھوٹی باتوں پر توجہ دیں، ٹریفک قوانین پر عمل کریں تو ہم خود بھی محفوظ رہ سکیں گے اور سڑک پر چلنے والے دوسرے لوگوں کو بھی تحفظ فراہم کر سکیں گے۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ انجینئرنگ، نفاذ، تعلیم اور ہنگامی دیکھ بھال سڑک کی حفاظت کے چار ستون ہیں، مسٹر برلا نے کہا کہ اس سمت میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمارے شہریوں کو اس موضوع سے واقف ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں قوانین بنا سکتی ہیں لیکن ان پر عمل کرنا عوام کی ذمہ داری ہے۔ روڈ سیفٹی کو حقیقی معنوں میں تب ہی یقینی بنایا جا سکتا ہے جب تمام لوگ اور سول سوسائٹی حکومت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ ساتھ اس کام میں تعاون کریں۔لوک سبھا کے اسپیکر نے اس خیال کا اظہار کیا کہ اس کے لیے ایک جامع بیداری اور تعلیم و تربیت کی مہم چلائی جانی چاہئےجس میں شہریوں اور سماجی تنظیموں کی بھرپور شرکت ہونی چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے عوام بالخصوص نوجوانوں کی ذہنیت کو بدلنا ہوگا۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی ترغیب دیں۔ مسٹر برلا نے امید ظاہر کی کہ کار ریلی جیسے واقعات لوگوں میں مزید بیداری پیدا کریں گے اور سڑک کی حفاظت کے سنگین مسئلے سے نمٹنے میں حکومت کی کوششوں کو فروغ دینے میں بھی مدد کریں گے اور سڑک کی حفاظت کا ایک مثبت پیغام پورے ملک میں جائے گا۔پروگرام کے آغاز میں سڑک حادثات میں جان کی بازی ہارنے والے سابق ممبران پارلیمنٹ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔