بالاگھاٹ ضلع میں ٹرینی طیارے کے حادثے میں دو افراد کی لاشیں برآمد

بالاگھاٹ، مارچ ۔مہاراشٹر کی سرحد سے متصل مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع کے جنگل میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس میں پائلٹ اور اس میں سوار ایک خاتون ٹرینی کی موت ہوگئی۔ ان کی لاشیں پولیس نے برآمد کر لی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق، ضلع کے لانجی تھانہ علاقے کے بھکوٹولا علاقے کے گھنے اور ماؤ نوازوں سے متاثرہ جنگلاتی علاقے میں کل دوپہر ایک ٹرینی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارہ تربیتی پروازپر تھا اور اس میں پائلٹ موہت ٹھاکر اور خاتون ٹرینی روپ شنکا سوار تھے۔ یہ طیارہ مہاراشٹر کے گونڈیا ضلع میں تربیتی مرکز سے ٹیک آف کرنے کے بعد بالاگھاٹ کے گھنے جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا۔واقعہ کے بعد طیارے کا ملبہ بھکوٹولہ علاقے میں پھیل گیا اور گاؤں والوں کی اطلاع پر پولیس بھی متحرک ہوگئی اور فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ طیارے کا ملبہ گھنے جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں پھیلا ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دو سیٹوں والے طیارے میں ایک پائلٹ اور ایک خاتون ٹرینی تھی۔ پولیس فورس نے دونوں لاشیں بھکوٹولا کے جنگلات سے برآمد کرلی ہیں۔

Related Articles