آنجہانی ستیش کوشک اپنی بیٹی ونشیکا کیلئے جینا چاہتے تھے، رومی جعفری

ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ میں اپنی پہلی فلم مسٹر انڈیا کے کردار ’کیلنڈر‘ سے پہچان بنانے والے زندگی سے بھرپور انسان ستیش کوشک اپنی بیٹی ونشیکا کے لیے طویل عرصے تک زندہ رہنا چاہتے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیش کوشک کی اچانک موت نے ہر ایک کو جھنجوڑ کر رکھ دیا، ان کے قریبی دوست، فلمساز اور اسکرین رائٹر رومی جعفری نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ستیش کوشک اپنی زندگی میں اپنی بیٹی کا گھر بستا ہوا دیکھنا چاہتے تھے۔آنجہانی اداکار کے بارے میں بات کرتے ہوئے فلمساز نے مزید کہا کہ وہ بلند حوصلہ تھے، کچھ دن قبل انوپم کھیر کی سالگرہ کے موقع پر سب نے ساتھ ڈنر کیا ، اس وقت ستیش کوشک اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بہت پْرجوش تھے۔رومی جعفری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ستیش اور میں 30 سال سے زائد عرصہ دوست رہے، اس کا یوں اچانک چلے جانا صحیح نہیں ہے۔ ایسا نہیں تھا کہ وہ اپنی صحت کا خیال نہیں رکھتا تھا بلکہ اس کے برعکس وہ اپنی صحت کا بہت خیال رکھتا تھا، وقت پر کھانا، صبح سویر اْٹھنا اور چہل قدمی کے لئے جانا، ورزش کرنا، تاکہ وہ اپنی بیٹی کے لئے طویل عرصے تک زندہ رہ سکے اور اس کا گھر بستا ہوا دیکھ سکے، لیکن خدا کو کچھ اور منظور تھا‘۔خیال رہے کہ آنجہانی ستیش کوشک کے لواحقین میں ان کی اہلیہ ششی اور بیٹی ونشیکا ہیں۔یاد رہے کہ ستیش کوشک جمعرات کی صبح 66 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔ اداکار کی موت اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہوئی۔

Related Articles