کوسی علاقہ کے لوگوں کا 86سالہ قدیم خواب ہوا پورا ، وزیراعظم مودی نے کوسی مہا سیتو سمیت 12 ریل منصوبے بہار کو سپر د کئے
پٹنہ: وزیراعظم نریندر مودی کے تاریخی کوسی مہا سیتو سمیت مسافر سہولیات سے متعلق 12 منصوبے بہار کو سپرد کرنے سے کوسی علاقہ کے لوگوں کا 86 سال پرانا خواب آج پورا ہو گیا ۔
مودی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے تاریخی کوسی مہا سیتو سمیت مسافر سہولیات سے متعلق 12 ریل منصوبوں کا افتتاح کیا ۔ ان منصوبوں میں کوسی مہاسیتو ، کیول ندی پر نیا ریل پل ، دو نئے ریل لائن منصوبے ، پانچ بجلی کاری کے منصوبے ، ایک الیکٹریک لوکوشیڈ اور ایک تیسرا ریل لائن منصوبہ شامل ہے ۔
انگریزی دور حکومت میں سال 1887 میں سپول ضلع کے نرملی اور بھپٹیا کے مابین کوسی کی معاون تلیوگا ندی پر لگ بھگ 250 فٹ طویل میٹر گیج ریل پل کی تعمیر کی گئی تھی لیکن سال 1934 میں تباہ کن سیلاب اور زلرلہ میں یہ میٹر گیج ریل پل تباہ ہوگیا ۔ اس کے بعد سال 2003-04 میں کوسی مہا سیتو نئے ریل لائن منصوبہ کو منظوری عطا کی گئی ۔
کوسی ریل مہا سیتو کی کل لمبائی 1.9 کیلومیٹر ہے جس کی تعمیر پر کل 516 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے ۔ ہند۔ نیپال سرحد کیلئے اسٹریٹیجک نقطہ ¿ نظر سے بھی یہ ریل مہا سیتو کافی اہم ہے ۔ اس منصوبہ کو کووڈ ۔19وبا کے دوران ہی حتمی شکل دی گئی جس میں تارکین وطن مزدوروں کی بھی خدمات لی گئی ۔ اس طرح بہار خاص کر کوسی علاقہ کے لوگوں کا 86 سالہ پرانا خواب پورا ہوگیا۔