امسال ابتک کٹرا میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر پر دس لاکھ عقیدتمندوں نے حاضری دی
جموں، مارچ۔ جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کے کٹرا علاقے کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں امسال ابتک دس لاکھ عقیدتمندوں نے حاضری دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے عقیدت مندوں، جن میں بچے بھی شامل تھے، کو پہاڑی سے اترنے اور چڑھنے کے دوران’جے ماتا دی‘ کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ کٹرا میں یومیہ پندرہ سے بیس ہزار عقیدتمند ماتا ویشنو دیوی مندر پر حاضری دینے کو پہنچتے ہیں۔ذرائع کے مطابق امسال جنوری مہینے میں پانچ لاکھ چوبیس ہزار اور فروری میں چار لاکھ چودہ ہزار یاتریوں نے مندر میں پوجا پاٹ کی ۔پونم شرما نامی ایک عقیدت مند نے کہا کہ یہاں آکر میں تمام لوگوں کی خوشی اور خوشحالی کے لئے دعا کرتی ہوں۔انہوں نے کہا: ’میری دعا ہے کہ ماتا رانی تمام لوگوں پر مہربان ہوجائے اور ہر ایک خوش رہے اور سال نو ہم سب کے لئے خوشیاں لے کر آئے‘۔پنجاب سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون عقیدت مند نے کہا کہ میں ہر سال یہاں اپنی فیملی کے ساتھ آتی ہوں اور یہاں لوگوں کی خوشحالی کے لئے دعا کرتی ہوں۔انہوں نے کہا: ’میرے لئے یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ یہاں آکر اپنے آپ، گھر والوں اور باقی لوگوں کی خوشی اور خوشحالی کے لئے دعا کرتی ہوں‘۔