خواتین ہر شعبہ میں اپنا نام روشن کررہی ہیں:وزیرمملکت انوپریہ پٹیل

نئی دہلی،مارچ۔خواتین نے ملک او ردنیا میں اپنی کامیابی کا جو پرچم لہرایا ہے، وہ ان کی بے پناہ لگن، محنت اور کام کے تئیں خلوص کا نتیجہ ہے۔آج ہر طرف ان کے کارہائے نمایاں کی تحسین ہورہی ہے۔آج خواتین ہر شعبہ میں اپنا نام روشن کررہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے صنعت و تجارت محترمہ انوپریہ پٹیل نے یہاں زی وومن اچیورایوارڈ2023کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں فخر ہوناچاہئے کہ آج 140کروڑ کی آبادی والے ملک کی صدرایک خاتون محترمہ دروپدی مرمو ہیں۔ اب صرف عورتوں کی ترقی کے تصور پر بات نہیں کی جاتی بلکہ اس سے بہت آگے جانے کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔محترمہ انوپریہ پٹیل نے مزید کہا کہ خدانے مرد و خواتین میں کوئی امتیاز نہیں کیا۔ صنفی تفریق اور عدم مساوات انسانوں کی دین ہے۔اس کے باوجود آج ان کی جیت کا ڈنکا بج رہا ہے۔ انھوں نے شمال مشرق کے حالیہ انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ناگالینڈ میں 60سال بعد کوئی عورت ممبر اسمبلی منتخب ہوئی ہے۔موجودہ حکومت نے خواتین کے لیے جو سازگار حالات پیداکئے، اب اس کے مثبت اثرات ہمیں نظرآنے لگے ہیں۔محترمہ انوپریا پٹیل نے مزید کہا کہ حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموںمثلا اجولایوجنا، پردھان منتری آوس یوجنا اور دیگر بہت ساری اسکیموں کی بدولت خواتین کو خودانحصاری میں مدد ملی او رآتم نربھربھارت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔انھوں نے زور دے کر کہا کہ ملک او ردنیا میں ایسا ماحول پیدا کرنا چاہئے کہ خواتین پورے اعتماد کے ساتھ ترقیاتی کاموں میں اپنا رول اد اکرسکیں۔خیال رہے کہ مختلف شعبوں میں امتیازی خدمات انجام دینے والی متعدد خواتین کو آج ایوارڈسے نوازا گیا۔محترمہ انوپریا پٹیل نے ایوارڈ حاصل کرنے والی خواتین کو مبارک باد دی۔اس تقریب میں دہلی خواتین کمیشن کی صدر محترمہ سواتی مالیوال بھی موجود تھیں۔انھوں نے دہلی خواتین کمیشن کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

Related Articles