ملک کی جی ڈی پی میں مدھیہ پردیش کا تعاون بڑھا

بھوپال، مارچ ۔مدھیہ پردیش کے وزیر خزانہ جگیش دیوڑا نے آج اسمبلی میں کہا کہ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں ریاست کا حصہ 3.6 فیصد سے بڑھ کر 4.8 فیصد ہو گیا ہے۔مالی سال 2023-24 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے مسٹر دیوڑا نے اپنی تقریر میں کہا کہ اسی طرح سال 2011-12 میں ریاست کی فی کس آمدنی 30 ہزار 497 روپے تھی جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 40 ہزار 585 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار میں سال 2022-23 میں پیشگی تخمینوں کے مطابق 16.43 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پردھان منتری ماتری وندنا یوجنا کے تحت تقریباً 33 لاکھ مستفیدین کو رجسٹر کرنے کے بعد ایک ہزار 766 کروڑ روپے کی رقم ادا کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے نفاذ کے لیے سال 2023-24 میں 459 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔ لاڈلی لکشمی یوجنا کے لیے 929 کروڑ روپے کی بجٹ رقم کا التزام ہے۔ سال 2007 میں شروع کی گئی اس اسکیم کے تحت اب تک 44 لاکھ 39 ہزار سے زیادہ لڑکیاں مستفید ہو چکی ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ریاستی حکومت زندگی بھر خواتین کے ساتھ ہے۔ ماں کے پیٹ میں غذائیت کا انتظام، ڈیلیوری پر مالی امداد، بچی کی پیدائش پر لاڈلی لکشمی یوجنا، نوزائیدہ بچوں کی غذائیت کے لیے آنگن واڑی، تعلیم، کتابیں اور یونیفارم بھی دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں صحت کی سہولیات کو بڑھایا جا رہا ہے۔ ریاست کے 25 میڈیکل کالجوں کو فعال بنانے کے لیے 400 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔ سی ایم رائز اسکولوں کے لیے 3230 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ بجٹ میں مکھیہ منتری بالیکا اسکوٹی یوجنا کے تحت تقریباً پانچ ہزار لڑکیوں کو 12ویں کلاس میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے پر اسکوٹی دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔

Related Articles