عام آدمی پارٹی کی شیلی اوبرائے دہلی میونسپل کارپوریشن کی میئر منتخب

نئی دہلی، فروری۔عام آدمی پارٹی (عآپ) کی کونسلر شیلی اوبرائے کو بدھ کے روز دہلی میونسپل کارپوریشن کا میئر منتخب کیا گیا۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا، غنڈے ہار گئے، عوام کی جیت ہوئی۔ آج دہلی میونسپل کارپوریشن میں دہلی کے عوام کی جیت ہوئی اور غنڈہ گردی کو شکست ہوئی۔شیلی اوبرائے کے میئر منتخب ہونے پر دہلی کے عوام کو مبارکباد ۔سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد آج مکمل ہونے والی پولنگ میں محترمہ اوبرائے کو 150 ووٹ ملے، جب کہ ان کی حریف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار ریکھا گپتا کو پولنگ میں 116 ووٹ ملے۔ محترمہ اوبرائے دہلی کے پٹیل نگر اسمبلی حلقہ کے وارڈ نمبر 86 سے کونسلر ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے جیت کے لیے محترمہ شیلی اوبرائے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ غنڈے ہار گئے، عوام جیت گئے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن میں عام آدمی پارٹی کا میئر بننے پر تمام کارکنوں کو بہت بہت مبارکباد اور ایک بار پھر میں دہلی کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔عآپ کی پہلی خاتون میئر شیلی اوبرائے کو بہت بہت مبارک ہو۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے میئر کے انتخاب پر تین بار ہنگامہ آرائی ہو چکی ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے ایوان کی پہلی میٹنگ 6 جنوری، دوسری میٹنگ 24 جنوری اور تیسری میٹنگ 6 فروری کو ہوئی، مگر تنازعہ جاری رہنے پر عام آدمی پارٹی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

Related Articles