پی ایم ماترو وندنا یوجنا میں ملک میں اول آنے پر اسمرتی ایرانی نے کی مدھیہ پردیش کی ستائش

بھوپال، فروری۔مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کو پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کے تحت ملک میں اول آنے پر مبارکباد دی۔ مرکزی وزیر نے مدھیہ پردیش میں بچوں اور خواتین کے لیے چلائی جارہی اختراعی اسکیموں کے لیے وزیراعلی چوہان کی حساسیت کی تعریف کی۔یہاں سرکاری اطلاعات میں بتایا گیا کہ مرکزی وزیر محترمہ ایرانی آج نئی دہلی سے خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمے کی اسکیموں کا جائزہ لے رہی تھیں۔ میٹنگ میں مشن وتسالیہ، چائلڈ ہیلپ لائن، مشن شکتی، ون اسٹاپ سینٹر، شکتی سدن، سکھی نواس، پالنا یوجنا اور نربھیا میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی چوہان نے نئی دہلی سے سمتوا بھون سے خواتین اور اطفال کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ ایرانی کے ذریعہ کی گئی میٹنگ میں ورچوئل طور پر شرکت کی۔ پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کے تحت خاطر خواہ فنڈز مختص کرنے پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے ادارے چھوڑ نے والے 18 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو مالی اور تعلیمی مدد فراہم کراکے معاشرے میں ان کی باز آباد کاری کرنے کے مقصد سے مکھیہ منتری بال آشیرواد یوجنا شروع کی گئی ہے۔اس اسکیم کے تحت ان بچوں کو ضروری رہنمائی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار کے حصول میں بھی مدد ملتی ہے۔ پرنسپل سکریٹری خواتین اور اطفال ترقی دیپالی رستوگی اور دیگر افسران موجود تھے۔

Related Articles