ناگپور شہر ملک کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں سے ایک ہے:گڈکری

نتن گڈکری نے مہاراشٹر کے ناگپور میں دنیا کے سب سے بڑے اور منفرد دیویانگ پارک -انوبھوتی انکلوزیو پارک کا سنگ بنیاد رکھا

نئی دہلی، فروری۔سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے آج مہاراشٹر کے ناگپور میں دنیا کے سب سے بڑے اور منفرد دیویانگ پارک – انوبھوتی انکلوزیو پارک کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پارک کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ایک شمولیت پرمبنی معاشرے کی تعمیر کے ویڑن کو ذہن میں رکھتے ہوئے فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمدردی کے بجائے یہ پارک ہم احساس ہونے کے جذبہ کا مظاہرہ کرے گا ، اس لیے اس پارک کا نام انوبھوتی دیویانگ پارک رکھا گیا ہے۔جناب گڈکری نے کہا کہ اس پارک کے ذریعے شمولیت کا پیغام نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا تک پہنچے گا۔ وزیرموصوف نے کہا کہ پارک میں تمام 21 طرح کی معذوری کے لیے موزوں سہولیات ہوں گی، اس میں ٹچ اینڈ اسمل گارڈن، ہائیڈرو تھراپی یونٹ، واٹر تھراپی، ذہنی طورپر معذور بچوں، ماں کے لیے الگ کمرہ جیسی سہولیات ہوں گی۔جناب گڈکری نے کہا کہ ناگپور شہر ملک کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں سے ایک ہے۔ مرکزی حکومت نے 2016 میں معذور افراد کے حقوق کے لیے معذور افراد کے حقوق کا ایکٹ منظور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون معذوروں کو عزت ووقارکے ساتھ جینے کا حق دینے کے لیے ہے۔ انھوں نے مزیدکہا کہ اس کے تحت پہل کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے جنوبی ہندوستان اور مدھیہ پردیش میں کچھ دیویانگ پارک بنائے ہیں، اس کڑی میں ناگپور کے پارڈی کیمپس میں معذور بچوں اور عام شہریوں کے لیے یہ ’ انوبھوتی انکلوزیو پارک‘ بنایا جا رہا ہے۔وزیرموصوف نے کہا کہ معذور وں کے لیے یہ دنیا کا پہلا شمولیت پرمبنی پارک ہے، 90 ہزار مربع فٹ کے رقبے میں بنائے جانے والے اس پارک کے لیے حکومت ہند کی سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت نے تقریباً 12 کروڑ روپے کا بندوبست کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں معذوروں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں اور بزرگ شہریوں کے لیے مختلف منصوبوں کا تصور کیا گیا ہے۔

 

Related Articles