بھارت بائیوٹیک، کیڈیلا کی کورونا ویکسین ٹسٹ دوسرے مرحلے میں

نئی دہلی، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے منگل کو بتایا کہ بھارت بائیوٹیک اور جائیڈس کیڈیلا دوسرے مرحلے کا انسانی ٹسٹ کررہی ہے جبکہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا تیسرے مرحلے کا ٹسٹ جلد ہی شروع کرنے والے ہیں۔
ڈاکٹربھارگو نے مرکزی وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی آج منعقد نامہ نگاروں کی کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں اس وقت تین کورونا ویکسین ٹسٹ مختلف مرحلوں میں ہیں۔ ڈاکٹر بھارگو نے بتایاکہ کیڈیلا کی کورونا ویکسین کے پہلے مرحلے کا انسانی ٹسٹ پورا ہوگیا ہے اور دوسرے مرحلے کے ٹسٹ کے لئے رضاکار منتخب کئے جاچکے ہیں۔ اس ویکسین کے تین ڈوز لگتے ہیں۔ 28-28 دنوں کے وقفے پر اور ابھی تینوں ڈوز باقی ہیں۔
بھارت بائیوٹیک کا بھی پہلا مرحلہ پورا ہوگیا ہے اور ابھی اس کے نتیجے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ بھارت بائیوٹیک نے بھی دوسرے مرحلے کے ٹسٹ کے لئے رضاکاروں کا انتخاب کر لیا ہے اور انہیں دوسری ڈوز لگنی باقی ہے۔
سیرم انسٹی ٹیوٹ نے کورونا ویکسین کے لئے دوسرے مرحلے کے لئے 100 رضاکار وں پر ٹسٹ کیا اور اس کے بعد سات۔آٹھ دن بریک لیا کیونکہ یہ تیسرے مرحلے کا ٹسٹ شروع کرنا چاہتےہیں۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ پورے ملک کی 14 سائٹ پر 1500 مریضوں پر تیسرے مرحلے کا ٹسٹ کرنا چاہتا ہے۔

Related Articles