آسٹریلیا نے خواجہ، ہینڈزکومب کی نصف سنچریوں کی مدد سے 263 رنز بنائے
نئی دہلی، فروری ۔آسٹریلیا نے عثمان خواجہ (81) اور پیٹر ہینڈزکومب (ناٹ آؤٹ 72) کی نصف سنچریوں کی بنیاد پر بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آل آؤٹ ہونے سے قبل 263 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر خواجہ نے 125 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز بنائے۔ جب خواجہ ہندوستانی سرزمین پر اپنی پہلی سنچری مکمل کرنے سے محض 19 رنز دور تھے، وہ روینڈر جڈیجہ کی گیند کو ریورس سوئپ کرنے کی کوشش میں کیچ ہو کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ہینڈزکومب نے اپنی جارحانہ اننگز میں نو چوکوں کی مدد سے 142 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 72 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 168 رنز پر گرنے کے بعد ہینڈزکومب نے لورآرڈر کے بلے بازوں کے ساتھ مل کر قیمتی 95 رنز جوڑے جس پر آسٹریلیا 263 رنز تک پہنچ سکا۔ ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ روی چندرن اشون اور جڈیجہ نے تین تین کامیابیاں حاصل کیں۔آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ خواجہ نے دن کے پہلے گھنٹے میں ڈیوڈ وارنر کے ساتھ ایک مستحکم آغاز کیا، پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑے، حالانکہ وارنر اس عرصے میں کبھی بھی پرسکون نظر نہیں آئے۔ اننگز کے چوتھے اوور میں وارنر نے رن کے لئے باہر سوئنگ ہوتی ہوئی ایک گیند کو چھیڑا، حالانکہ وہ آؤٹ ہونے سے بال بال بچ گئے۔ آخر کار 16ویں اوور میں وہ محمد شامی کی گیند پر وکٹ کیپر بھرت کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ وارنر اپنی مشکل اننگز میں تین چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں میں صرف 15 رنز ہی بنا سکے۔وارنر کے وکٹ کے گرنے کے بعد آسٹریلیا سنبھل گیا لیکن اشون نے لنچ سے 10 منٹ پہلے دو وکٹ لے کر ہندوستان کو میچ میں واپس کر دیا۔ ایشون نے تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے مارنس لیبوشگن کو 18 رنز کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کیا، جب کہ اسٹیو اسمتھ دو گیندوں بعد صفر پر آؤٹ ہوگئے۔لنچ کے فوراً بعد محمد شامی نے ٹریوس ہیڈ (12) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو چوتھا جھٹکا دیا، حالانکہ اس کے بعد خواجہ اور ہینڈزکومب کی شراکت سے آسٹریلوی اننگز بحال ہوئی۔ خواجہ ہینڈسکومب کی جوڑی نے پانچویں وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت داری کی۔خواجہ جو کہ اچھے لے میں نظر آرہے تھے نے کئی بار ریورس سویپ کا استعمال کرتے ہوئے چوکے لگائے لیکن یہ شاٹ 46ویں اوور میں ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ خواجہ جڈیجہ کی گیند پر ریورس سوئپ کھیل کر مزید چوکا لگانا چاہتے تھے لیکن کے ایل راہل نے سنسنی خیز کیچ لے کر انہیں پویلین کا راستہ دکھایا۔خواجہ کے کچھ ہی دیر بعد ایلکس کیری اشون کا شکار ہو گئے۔ اشون نے کیری کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔ آسٹریلیا تمام بلے بازوں کو کھونے کے بعد آل آؤٹ ہونے کے دہانے پر تھا لیکن ہینڈزکومب نے آخر میں اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ ہینڈزکومب نے 110 ویں گیند پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور کمنز (33 رنز، تین چوکے، دو چھکے) کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت داری کی۔ کمنز کے گرنے کے بعد بھی ہینڈزکومب نے ناتھن لیون اور میتھیو کوہنی مین کے ساتھ مجموعی طور پر 36 رنز جوڑے۔ شامی نے لیون اور کوہنیمن کو بولڈ کرکے آسٹریلوی اننگز کا خاتمہ کیا۔