گلوبل انوسٹر سمٹ امکانات کے نئے دروازے کھولے گا:یوگی
متھرا:فروری۔ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے نوجوانوں کو تیقن دیتے ہوئے کہا کہ دس فروری سے شروع ہونے والے گلوبل انوسٹر سمٹ(یوپی جی آئی ایس) کے ذریعہ لاکھوں کروڑوں روپئے کے سرمایہ کاری سے نہ صرف ریاست کی چوطرفہ ترقی ہوگی بلکہ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہونے سے نوجوانوں کو نوکریوں کے لئے دیگر ممالک یا ریاستوں کا منھ نہیں دیکھنا پڑے گا۔یوگی نے پیر کو یہاں جی اے ایل یونیورسٹی کے 11ویں جلسہ تقسیم اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل انوسٹر سمٹ کے ذریعہ ہونے جارہے لاکھوں کروڑوں روپئے کی سرمایہ کاری ہمارے نوجوانوں کے لئے امکانات کے نئے دروازے کھولے گا۔ ریاست میں لاکھوں نوکریاں نوجوانوں کا انتظار کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی ملک کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کو دھیان میں رکھ کر بنائی گئی ہے۔ ہم صرف ڈگری تک محدود ہوکر نا رہیں۔ ہمیں کثیر جہتی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ تعلیمی ادارے اپنے جغرافیائی علاقے کا سماجی، معاشی اور روایات سے جڑی سرگرمیوں پر ریسرچ ضرور کریں۔ جس سے ان شعبوں میں ترقیاتی کاموں کو مزید رفتار دی جاسکے۔تقریب میں میڈل حاصل کرنے والے طلبہ کو نیک خواہشات سے نوازتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی اسکیمات کی جانکاری اپنے نصاب میں دینی چاہئے۔خاص کر نوجوانوں اور طلبہ سے وابستہ اسکیمات کو نصاف کا حصہ بنانا چاہئے۔ اگر کوئی طالب علم اسٹارٹ اپ قائم کرنا چاہتا ہے تو اسے پی ایم مدرا اسکیم اور وزیر اعلی یوا روزگار اسکیم کے بارے میں تعلیمی اداروں میں معلومات فراہم کی جانی چاہئے۔ وزیر اعلی نے پی ایم انٹرن شپ، سی ایم انٹرشپ اور ابھیو دئے جیسے اسکیمات کے بارے میں طلبہ۔طالبات کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اگر یوپی میں تکنیکی ایجوکیشن کے شعبے پر دھیان دیا ہوتا تو آج ریاست تکنیکی ہنر مندی کا ہب ہوتی۔ ریاست میں ایم ایس ایم ای کا سب سے بڑا بیس موجود ہے۔ یوی میں آج ایک لاکھ ساٹھ ہزار کروڑ کا ایکسپورٹ فی سال ہورہا ہے۔ اس شعبے میں اسٹارٹ اپ کے کافی امکانات ہیں۔ لیکن اس کے لئے تعلیمی اداروں کو آگے آتے ہوئے ٹریننگ دینے کا کام کرنا ہوگا۔ ایک تعلیمی اداروں کو دوسرے تعلیمی ادارے کے ساتھ ایم یو او کرنا چاہئے اور دوسرے کے ساتھ معلومات کا لین دین ہوسکے۔