بجٹ کا مقصد ملکی معیشت کی بنیاد کو مزید مضبوط بنانا ہے: سیتا رمن
نئی دہلی، یکم فروری۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بدھ کے روز لوک سبھا میں 2023-24 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امرت کال کے اس پہلے بجٹ کا مقصد ملکی معیشت کی بنیاد کو مزید مضبوط بنانا اور ترقیاتی اہداف کے فوائد کو سماج کے تمام طبقات تک پہنچانا ہے۔ محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ، رواں مالی سال میں ہندوستان کی معیشت کی شرح نمو 7 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے اور یہ دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت ہے، آنے والے برسوں میں بھی ہم آگے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت میں سست روی کے باوجود ہندوستان میں معیشت نے طاقت دکھائی ہے اور اس سمت میں ہماری اصلاحات جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں یو پی آئی شروع کیا گیا ہے، کوون ایپ، نیشن ہائیڈروجن مشن اور دنیا میں ماحول کے موافق طرز زندگی کے لیے لائف مشن شروع کیا گیا ہے، جس سے ہندوستان کی شبیہ بہتر ہونے والی ہے۔