عظیم شخصیات کی توہین ناقابل برداشت ، مذہبی کتابیں پڑھائیں گے: شیوراج

بھوپال، جنوری ۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ عظیم شخصیات کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری اسکولوں میں مذہبی کتابیں پڑھائی جائیں گی۔ مسٹر چوہان نے یہاں سگھوش درشن پروگرام سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے لیے لاتعداد انقلابیوں نے شہادتیں دی ہیں ۔ ایسے شہداء کو آزادی کے بعد طویل عرصے تک یاد نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے سگھوش درشن پروگرام کے لیے ودیا بھارتی کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ آزادی کا سہرا صرف ایک خاندان کو دیا گیا، جب کہ نیتا جی سبھاش چندر بوس خودی رام بوس، درگا بھابھی اور سردار پٹیل سمیت کئی لوگوں نے اس لڑائی میں اپنا سرگرم رول ادا کیا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایسے انقلابیوں کو حقیقی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلی نے سگھوش درشن کے ذریعے نیتا جی سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ تعلیم کے تین مقاصد علم، ہنر اور عوام کو ثقافتی وراثت سے واقف کرانا ہے۔ ودیا بھارتی اپنے آغاز سے ہی ان تینوں مقاصد کو پورا کر رہی ہے۔ ہندوستان کی تکشیلا اور نالندہ یونیورسٹیوں میں دنیا بھر سے لوگ علم حاصل کرنے کے لیے آتے تھے۔ ودیا بھارتی اس روایت کو آگے بڑھا رہی ہے۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ ہم عملی اور بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ صرف انگریزی جاننے والا عالم ہونا ضروری نہیں ہے ۔ اسی لئے نئی تعلیمی پالیسی میں مادری زبان میں تعلیم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو ہماری ثقافت، روایت، فلسفہ حیات، عظیم شخصیات ، روحانیت اور مذہب پر تنقید کر کے خوش ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ پراسرار ہوتے ہیں۔ وہ نہیں جانتے کہ وہ ملک کو کتنا نقصان پہنچا رہے ہیں۔ یہ ملک رام کے بغیر نہیں جانا جاتا۔ ان شخصیات پر مبنی مذہبی کتابوں کی تعلیم سرکاری اسکولوں میں دی جائے گی۔ گیتا کا جوہر، رامائن اور مہابھارت کے سیاق و سباق پڑھائے جائیں گے۔ مسٹر چوہان نے کہا کہ ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو عظیم شخصیات کی توہین کرتے ہیں۔

Related Articles