منوج سنہا کی نروال دھماکوں کی شدید مذمت،زخمیوں کے لئے ریلیف کا اعلان
جموں،جنوری۔ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نروال دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان دھماکوں میں زخموں ہونے والے افراد کے لئے پچاس ہزار روپیہ فی کس ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے ایک بیان میں کہا: ’پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے لیفٹینںٹ گورنر منوج سنہا کو نروال دھماکوں کے متعلق بریف کیا اور انہیں اس سلسلے میں ہو رہی تحقیقات کے بارے میں جانکاری فراہم کی‘۔بیان کے مطابق موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان دھماکوں کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے فوری اقدام کرنے پر زور دیا۔منوج سنہا نے کہا: ’اس طرح کی گھناؤنی حرکتیں قصور واروں کی بزدلی اور مایوسی کی مظہر ہیں، فوری اور ٹھوس اقدام کریں، مرتکبین کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے‘۔انہوں نے زخمیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے لئے پچاس ہزار روپیے فی کس ریلیف کا اعلان بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنائے گی اور ان کے کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔بتادیں کہ پولیس کا کہنا ہے کہ جموں کے نروال علاقے میں ہفتے کی صبح قریب پونے گیارہ بجے دو پر اسرار دھماکے ہوئے جن میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔