امریکی ایوی ایشن کا نظام بند، ملک بھر میں پروازیں جام

واشنگٹن،جنوری۔امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن کے نظام نے اچانک کام کرنا بند کردیا جس کے باعث ملک بھر میں پروازیں بند ہوگئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ سسٹم ڈاؤن ہونے کی وجہ پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے،مسافر اَپ ڈیٹس کیلئے اپنی ائر لائنز سے رابطہ کریں۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تمام ائر لائنز کو ہدایت کی ہے کہ ڈومیسٹک پروازوں کو کل صبح 9بجے تک مؤخر کردیں تاکہ پروازوں اور ان کی حفاظتی معلومات کی توثیق کی جاسکے۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ خرابی کس نوعیت کی ہے تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ نظام کی خرابی کو درست کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا ہے۔ترجمان ایوی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک ایسے نظام کو بحال کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں جو پائلٹوں کو خطرات سمیت ہوائی اڈے کی سہولیات اور طریقہ کار میں تبدیلیوں سے آگاہ کرتا ہے۔

 

Related Articles