دربھنگہ سے ہوائی سروس نومبر میں شروع ہوگی
دربھنگہ،مرکزی وزیر شہری پرواز ہردیپ سنگھ پوری نے متھلانچل کو بڑی سوغات دیتے ہوئے نومبر کے پہلے ہفتہ میں دربھنگہ سے ہوائی سروس شروع کرنے کا آج اعلان کیا۔
مسٹر پوری نے یہاں دربھنگہ ہوائی اڈہ پہنچ کر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد ہوائی خدمات شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہوائی اڈے سے دربھنگہ۔دہلی، دربھنگہ۔بنگلورو اور دربھنگہ۔ممبئی کےلئے مسافر طیارے پرواز کریں گے۔ اس کے لئے ٹکٹ کی بکنگ ستمبر کے آخری ہفتے کے پہلے شروع ہوجائے گی۔
مرکزی وزیر شہری پرواز نے کہا ہے کہ اس مرتبہ بہار میں منائے جانے والے چھٹ تیوہار میں لوگ ہوائی جہاز کا سفر کرکے یہاں آسکیں گے۔
اس سے پہلے مسٹر پوری نے ہوائی اڈے کی تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران ان کے ساتھ وزارت کے سکریٹری پردیپ سنگھ کھڑیلا، انڈین ائرپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین اروند سنگھ اور دیگر افسران موجود تھے۔
انہوں نے جائزہ لینے کے بعد تعمیراتی ایجنسی اور متعلقہ افسران کو کاموں کو جلد از جلد تکمیل کرنے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔