رین بسیروں پر ڈی ایم رکھیں نظر:یوگی
لکھنؤ:جنوری۔ اترپردیش میں سخت ٹھنڈ کے درمیان وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ڈی ایم کو ہدایت دی ہے کہ وہ رین بسیروں کے انتظامات کا اچانک معائنہ کریں۔ ٹھنڈ کے موسم میں سڑک پر کوئی بھی شخص سوتا ہوا نظر نہ آئے۔یوگی نے پیر کو اعلی سطحی میٹنگ میں کہا کہ شیت لہر کے درمیان بے سہارا افراد کی مدد کے لئے ریاست میں رین بسیروں کا قیام کیا گیا ہے۔ اب تک 1200سے زیادہ رین بسیرے قائم کئے گئے ہیں ۔ ڈی ایم خود رین بسیروں کے انتظام کا اچانک معائنہ کریں۔ جہاںضرورت پڑے اصلاحات کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹھنڈ کے موسم میں سڑک پر کوئی بھی شخص سوتا ہوا نظڑ نہ آئے۔ ہر ضرورت مند کو رین بسیرے کی سہولیت دستیاب کرائی جائے۔ بے سہارا، ضرورت مند افراد کو اب تک 2.86لاکھ کمبل تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رکھا جائے۔ یہ یقینی بنایا جائے کہ کمبل وغیرہ راحت اشیاء کی تقسیم مقامی ایم پی/ایم ایل اے/بلدیاتی چیئرمین وغیرہ عوامی نمائندوں کے ذریعہ ہی کیا جائے گا۔ عوامی مقامات پر آلاؤ کے مناسب انتظامات ہوں۔وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں دھان خرید کا عمل بہتر ڈھنگ سے چل رہا ہے۔ کم از کم سہارا قیمت پر اب تک 6.50لاکھ کسانوں سے 41لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ دھان خرید ہوچکی ہے۔ 8400کروڑ روپئے کی اس خرید کے مقابلے اس وقت 6700کروڑ روپئے کی ادائیگی کسانوں کے بینک کھاتے میں کی جاچکی ہے۔بقیہ 1700کروڑ روپئے کی ادائیگی جلد از جلد کرا دی جائے گی۔ریاست کے سبھی اضلاع میں ڈی اے پی اور یوریا کی فراہم پر نظر رکھی جائے۔ کہیں بھی کھاد کی کمی نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ گلوبل انوسٹر سمٹ کے پیش نظر گذشتہ دنوں بارہ بنکی میں ایک روزہ سرمایہ کار و ایکسپورٹر سمیلن کا انعقاد کیا گیا تھا۔ بارہ بنکی کی یہ کوشش دیگر اضلاع کے لئے ترغیب کا باعث ہے۔ ایسے انعقادات دیگر اضلاع میں بھی کئے جانے چاہئے۔ اس میں مقامی عوامی نمائندوں کا بھی تعاون لیاجائے۔یوگی نے کہا کہ پریاگ راج ماگھ میلے میں سادھو سنتوں کی امکانات اور ضروریات کا احترام کیا جائے۔محکموں کے درمیان باہمی تال میل کے ساتھ کام ہو۔ سبھی سہولیات کو بہم پہنچائی جائیں۔