سال 2022 سیکورٹی محاذ پر پُر امن سال رہا

امسال ایک سو کے قریب مقامی نوجوانوں نے ملی ٹینٹ صفوں میں شمولیت اختیار کی : پولیس سربراہ

جموں ,دسمبر۔جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ سال 2022 سیکورٹی محاذ پر گذشتہ چار برسوں کے مقابلے میں پر امن سال رہا۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے دوران ایک سو نوجوانوں نے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی جن میں سے 17 کو گرفتار کیا گیا 18 ابھی بھی سرگرم ہیں جبکہ 65 مارے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے غلط راستہ اختیار کیا ہو اتھا جن کو واپس قومی دھارے میں لایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سال 2022میں 56 غیر ملکیوں سمیت 186جنگجو مارے گئے۔موصوف ڈی جی پی نے ان باتوں۔ کا اظہار ہفتے کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ پچھلے چار سالوں کے برعکس امسال یعنی 2022میں حالات پر امن رہے۔انہوں نے بتایا کہ سال 2022 میں سیکورٹی فورسز نے نئی حکمت عملی کے تحت جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کئے جس دوران 56غیر ملکیوں سمیت 186ملی ٹینٹ مارے گئے۔اُن کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں میں زیادہ تر جیش اور لشکر طیبہ نامی ممنوعہ ملی ٹینٹ تنظیموں کے ساتھ وابستہ تھے۔انہوں نے کہاکہ سال2022 میں ایک سو کے قریب نوجوانوں نے ملی ٹینٹ تنظیموں میں شمولیت اختیارکی جن میں سے 17کو زندہ گرفتار کیا گیا 18کو چھوڑ کر باقی سبھی ملی ٹینٹوں کو تصادم آرائیوں کے دوران ہلاک کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ بچے ہوئے 18سرگرم جنگجووں کو بھی بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔موصوف ڈی جی پی نے بتایا کہ امسال کافی کم تعداد میں مقامی نوجوانوں نے ملی ٹینٹ تنظیموں کو جوائن کیا ۔انہوں نے بتایا کہ متعدد مقامی نوجوانوں کو ملی ٹینٹ بننے سے سیکورٹی فورسز نے روکا۔دلباغ سنگھ نے کہاکہ سال 2023میں جموں وکشمیر میں ملی ٹینٹوں کی تعدادصفر تک پہنچ جائے گی اور اس کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں نے پہلے ہی تیاریاں شروع کی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سال 2023میں ہمارا فوکس ملی ٹینسی کے ایکو سسٹم کو تباہ کرنے پرمرکوز ہوگا ۔ملی ٹینٹ ماڈیولز کو تباہ کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربرا ہ نے کہاکہ سال2022 میں 146جنگجو ماڈیولز کو طشت از بام کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ سال 2022میں سیکورٹی فورسز نے 188 اے کے رائفلیں 275 پستول ، 354 گرینیڈ، 61 دیسی ساخت کے گرینیڈس ، 61 آئی ای ڈیز اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔پولیس چیف نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے بھارتی حدود میں ہتھیار پھینکنے کے منصوبوں کو بھی ناکام بنایا گیا ہے اور بڑی مقدار میں منشیات کی اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ رواں سال اُدھم پور میں سیکورٹی فورسز پر آئی ای ڈی کے ذریعے حملے کئے گئے جس دوران کئی سلامتی عملے کے اہلکار اور عام شہری از جان ہوئے۔اُن کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے میں امسال سیکورٹی فورسز کو کم سے کم جانی نقصان ہوا۔انہوں نے بتایا کہ سال2022 میں 14پولیس،17سیکورٹی فورسز کے اہلکار مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال تخریبی سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لائے گئے 55گاڑیوں، 28مکانوں کو ضبط اور اٹیچ کیا گیا۔پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کے مطابق روارں برس 649افراد پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ منشیات کے خلاف چلائی جارہی مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور سال 2022 میں 1693کیس درج کئے گئے اور 212کلو گرام ہیروئن، 383کلو چرس، 12کلو برون شوگر کو برآمد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ امسال 29 ہزار 834 مختلف جرائم کے کیس درج کئے گئے ۔یو اے پی اے مقدمات کے بارے میں پولیس چیف نے کہاکہ 1350کیس زیر تحقیقات ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایس آئی یو ہر ضلع میں فاریسٹ ٹریک بنیادوں پر ملی ٹینسی کیسوں کو نپٹا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آئی یو ایس آئی اے کے تحت کام کر رہی ہیں۔کشمیر فائٹ بلاگ کے بارے میں پولیس سربراہ نے کہاکہ یہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا ماوتھ پیس ہے ۔انہوں نے کہاکہ صحافیوں اور دوسرے افراد کے خلاف دھمکیاں دینے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہے اور کسی کو بھی ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Related Articles