بلدیاتی الیکشن: ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچی یوگی حکومت، حکم امتناعی کی اپیل
لکھنو:دسمبر۔اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات میں او بی سی ریزرویشن کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے اس معاملے کو لے کر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے یوگی حکومت کو او بی سی ریزرویشن کے بغیر بلدیاتی انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ یوگی حکومت نے سپریم کورٹ سے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس معاملے کی سماعت 2 جنوری کو سپریم کورٹ کھلنے کے بعد ہو سکتی ہے۔آپ کو بتا دیں کہ منگل کو الہ آباد ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں او بی سی ریزرویشن کے سرکاری نوٹیفکیشن کو منسوخ کرتے ہوئے یوگی حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ او بی سی ریزرویشن کو لاگو کیے بغیربلدیاتی انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرے۔ اس کے بعد سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ حکومت ریزرویشن کے بغیربلدیاتی الیکشن نہیں کرائے گی۔ اگر ضرورت پڑی تو وہ اس کے لیے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کریں گی۔5 دسمبر کو یوگی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے لیے او بی سی ریزرویشن کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اس کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک اپیل دائر کی گئی تھی کہ ریزرویشن کا فیصلہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی طرف سے وضع کردہ ٹرپل ٹیسٹ فارمولے پر عمل نہیں کیا گیا ہے۔ طویل سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے حکومت کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ او بی سی ریزرویشن کا فیصلہ ٹرپل ٹیسٹ فارمولے کے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔ اب اس ھکم پر عمل کرنے میں کافی وقت لگے گا، اس لیے حکومت کو او بی سی ریزرویشن کے بغیر باڈی انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنا چاہیے۔