مجھے لگتا ہے میں آدھا پاکستانی ہی ہوں: کیوی اسپنر اش سودھی
کراچی،دسمبر۔نیوزی لینڈ کے کرکٹر اش سودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے اور مجھے لگتا ہے میں آدھا پاکستانی ہی ہوں۔جیونیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اش سودھی نے کہا کہ پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے، مجھے لگتا ہے میں آدھا پاکستانی ہی ہوں، دادی اور نانا کا تعلق پاکستانی پنجاب سے ہے، میرا بھارت میں آبائی علاقہ لاہور سے زیادہ دور نہیں ہے جب کہ پاکستان میں آج بھی رشتے دار ہیں۔کیوی کرکٹر کاکہناتھا کہ پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے تیار ہوں، پہلی بار یہاں ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئے ہیں ، پاکستان مضبوط ٹیم ہے،کوشش ہوگی کہ جہاں بھی ہوسکے ٹیم کے لیے اپنا کردار ادا کروں، نوجوانی میں شین وارن جیسا بولر بننا چاہتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ بال کرکٹ کے لیے اپنا ایکشن تھوڑا تبدیل کیا ہے جس سے پیس مل رہی ہے، یہاں اسپن ہوگا لیکن کسی غیر معمولی اسپن کی توقع نہیں ہے، کوشش کروں گا کنڈیشن سے فائداٹھاکر پاکستانی بیٹرز پر پریشر ڈالوں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز پر بات کرتے ہوئے اش سودھی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی سیریز کے نتیجے سے ہماری سیریز پر فرق نہیں پڑنا، سمجھتا ہوں کہ وائٹ واش کے باوجود پاکستان نے سیریز اچھی کھیلی لیکن انگلینڈ جو کرکٹ کھیل رہا وہ ہم نے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میں دیکھی نہیں۔اش سودھی نے اپنے انٹرویو میں پاکستان دوبارہ آنے کی بھی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی روز والد کے ساتھ دوبارہ دورہ کروں گا۔