انعامی نکسلی کو مارنے والے پولیس اہلکاروں کو انعام سے نوازا جائے گا: وزیر داخلہ

بھوپال، دسمبر۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے آج کہا کہ بالاگھاٹ کے جنگلات میں ایک انعامی نکسلی کومارنے والے پولیس اہلکاروں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ڈاکٹر مشرا نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور مہاراشٹر کے مشترکہ طور پر معلنہ 12 لاکھ روپے کا انعامی ڈویژنل ایریا کمیٹی کے ایک نکسلی کو بالاگھاٹ کے ہرا ٹولہ جنگلات میں کل مدھیہ پردیش پولس کے ہاک فورس کے جوانوں نے مارنے میں کامیابی حاصل کی۔ ریاست میں پچھلے ایک سال میں ایک کروڑ روپے سے زیادہ کا انعامی چھ نکسلیوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہرا ٹولہ میں انعامی نکسلی کو مارنے والے پولس اہلکاروں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔بالاگھاٹ ضلع کے ملاجکھنڈ تھانہ علاقے کے جنگل میں پولس کے ہاک فورس کے جوانوں نے اس نکسلی کو انکاؤنٹر میں مارا گرایاتھا۔ہراٹولہ میں گاؤں والوں سے زبردستی راشن اور دیگر روزمرہ استعمال کا سامان لینے آنے کی اطلاع ملنے کے بعد ہاک فورس کے جوانوں کو موقع پر بھیجا گیا۔ جنگل سے آنے والے راستے پرنکسلیوں کو ہتھیار ڈالنے کے لیے کہا گیا، لیکن بیس سے پچیس کی تعداد میں وہاں پہنچنے والے نکسلیوں نے ہاک فورس کے جوانوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ہاک فورس کے جوانوں نے جوابی کارروائی کی، جس پر نکسلی جنگل کی آڑ لے کر وہاں سے بھاگ گئے۔ انکاؤنٹر کے بعد جائے وقوع کی تلاشی کے دوران ایک نکسلی کی لاش ملی۔ لاش کی شناخت کے وی ڈویژن کے ایک خوفناک نکسلی روپیش عرف ہنگا کے طور پر ہوئی، جو چھتیس گڑھ کے سکما کا رہنے والا تھا۔ اس پر مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور مہاراشٹر نے مشترکہ طور پر 12 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔

Related Articles