راہل کی بھارت جوڑو یاترا آج 100ویں دن مینا ہائی کورٹ سے شروع

دوسہ، دسمبر۔کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک نکالی جا رہی کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کے آج 100 دن مکمل ہو گئے اور 100 ویں دن راجستھان کے ضلع دوسہ کے نانگل راجاوتان میں مینا ہائی کورٹ سے یاتراصبح چھ بجے شروع ہوئی۔آج یاترا کے 100 دن مکمل ہونے پر مسٹرراہل گاندھی سمیت دیگر کانگریس لیڈروں اور کارکنوں میں زبردست جوش و خروش دکھائی دے رہا ہے۔ یاترا کے دوران لوگوں کا ہجوم امڑپڑا اور راستے میں لوگوں نے یاترا کا پرتپاک استقبال کیا۔یاترا میں آج بھی وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسارا، وزراء ہیمارام چودھری اور مراری لال مینا، حکومت کے ڈپٹی چیف وہپ مہیندر چودھری، کانگریس لیڈر رامیشور ڈوڈی، ایم ایل اے کرشنا پونیا اور دیویا مدیرنا سمیت دیگر پارٹی لیڈران مسٹر راہل گاندھی کے ساتھ چل رہے ہیں۔ آج یاترا ایک ہی مرحلے میں 22 کلو میٹر ہوگی اوروہ اس دوران گری راج دھرن مندر پہنچے گی جہاں دوپہر کا آرام ہوگا لیکن شام کی یاترا نہیں ہوگی۔اس کے بعد مسٹرراہل گاندھی جے پور جائیں گے جہاں وہ بھارت جوڑو یاترا کے 100 دن مکمل ہونے پر کانگریس کے نئے دفتر میں شام 4 بجے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ راجستھان میں یہ ان کی پہلی پریس کانفرنس ہوگی۔ اس کے بعد وہ شام کو ایک محفل موسیقی میں بھی شرکت کریں گے۔

Related Articles