بریمور میں شدید برف باری، درجہ حرارت منفی17.3 تک گر گیا

گلاسگو ،دسمبر۔ ایبرڈین شائر میں بریمور کے علاقے میں شدید باری سے درجہ حرارت منفی 17.3تک گر گیا، جو گزشتہ20سال میں ریکارڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔ شٹ لینڈز میں شدید برف باری اور لائن آئسنگ کے نتیجے میں تقریباً6ہزار گھروں کی بجلی چلی گئی۔ ایبر ڈین سٹی میں ٹریفک لائٹس کے بٹن جم جانے سے انہوں نے کام کرنا بند کردیا۔ شٹ لینڈز پولیس نے عوام کو تلقین کی ہے کہ وہ بلا ضرورت سفر کرنے سے پرہیز کریں اور سفر کی صورت میں اپنے پاس گرم کپڑے، کھانا اور موبائل فون ضرور رکھیں۔ ہائی لینڈز کے علاقوں میں20سینٹی میٹر تک برف باری کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ ویز ویل کے علاقے میں40گاڑیاں پھنس گئیں، جن کو نکالنے میں سات گھنٹے لگے۔ اکثر مقامات پر اسکول بند رہے اور کئی مقامات پر حادثات کی اطلاعات ملی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں یلیو وارننگ کو جمعہ تک بڑھا دیا ہے جو سب سے طویل الرٹ ہے۔

Related Articles