آسٹریلیائی فوج کا دستہ مشترکہ تربیتی مشق’’آسٹرا ہند – 22‘‘کے لیے ہندوستان پہنچا
نئی دہلی،نومبر۔ہندوستانی فوج اور آسٹریلیائی فوج کے دستوں کے درمیان 28 نومبر سے 11 دسمبر 2022 تک دو طرفہ تربیتی مشق آسٹرا ہند 22 راجستھان کے مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج میں ہونے والی ہے۔ دونوں ملکوں کی فوجوں کے تمام ہتھیاروں اور خدمات کے دستے کی شرکت کے ساتھ یہ آسٹرا ہند کی سیریز کی پہلی مشق ہے۔ سیکنڈ ڈویژن کی 13ویں بریگیڈ پر مشتمل آسٹریلیائی فوج کے دستےتربیتی مشق کے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستانی فوج کی نمائندگی ڈوگرا ریجمنٹ کے دستے کر رہے ہیں۔ یہ مشق ’’آسٹر ا ہند‘‘ایک سالانہ تقریب ہوگی جو متبادل طور پر ہندوستان اور آسٹریلیا میں منعقد کی جائے گی۔اس مشق کا مقصد اقوام متحدہ کے امن قائم کرنے کے مینڈیٹ کے تحت نیم صحرائی علاقوں میں کثیر جہتی آپریشن کرتے ہوئے مثبت فوجی تعلقات استوار کرنا، ایک دوسرے کے بہترین طریقہ کار کو اپنانا اور مل کر کام کرنے کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشترکہ مشق دونوں فوجوں کو دشمن کے خطرات کو بے اثر کرنے کے لیے کمپنی اور پلاٹون کی سطح پر حکمت عملی، تکنیک اور طریقہ کار کے بہترین طریقوں کا اشتراک کرنے کے قابل بنائے گی۔ نئی نسل کے سازوسامان اور ماہر ہتھیاروں بشمول سنائپرز، نگرانی اور مواصلاتی آلات کے بارے میں تربیت فراہم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ حالات سے متعلق آگاہی کی اعلیٰ سطح حاصل کی جا سکے، اس کے علاوہ بٹالین/کمپنی کی سطح پر لاجسٹک کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔مشق کے دوران، شرکاء مختلف کاموں میں مشغول ہوں گے جن میں مشترکہ منصوبہ بندی، مشترکہ حکمت عملی کی مشقیں، ہتھیاروں کی خصوصی مہارتوں کی بنیادی باتوں کا تبادلہ اور دشمن کے ہدف پر چھاپہ مارنا شامل ہے۔ مشترکہ مشق، دونوں فوجوں کے درمیان افہام و تفہیم اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے علاوہ، ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مزید معاون ہوگی ۔