وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ 22-23 نومبر کے درمیان اپنے دورکمبوڈیا کے دوران آسیان و دیگر ممالک کے وزرائے دفاع کی میٹنگ اور بھارت – آسیان وزرائے دفاع کی میٹنگ میں شرکت کریں گے
نئی دہلی، نومبر۔کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع سامدیچ پچے سینا ٹی بان کی دعوت پر ، وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ 22 سے 23 نومبر 2022 کے دوران کمبوڈیا کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔ آسیان ڈفینس منسٹرس پلس (اے ڈی ایم ایم پلس) کے صدر کی حیثیت سے کمبوڈیا سیئم ریئپ ، کمبیوڈیا میں 9ویں سالانہ میٹنگ کا اہتمام کر رہا ہے اور وزیر دفاع 23 نومبر 2022 کو اس فورم سے خطاب کریں گے۔ وزیر موصوف کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔بھارت – آسیان تعلقات کے 30 برس مکمل ہونے کی یاد میں، بھارت اور کمبوڈیا 22 نومبر 2022 کو مشترکہ طور پر بھارت – آسیان وزرائے دفاع کی میٹنگ کا اہتمام کریں گے، جس کی صدارت جناب راج ناتھ سنگھ کریں گے۔ بھارت – آسیان شراکت داری کو تقویت بہم پہنچانے کی غرض سے میٹنگ کے دوران مختلف پہل قدمیوں کا اعلان کیے جانے کا منصوبہ ہے۔بھارت 1992 میں آسیان کا ڈائیلاگ پارٹنر بنا اور اولین اے ڈی ایم ایم – پلس میٹنگ ہنوئی، ویتنام میں 12 اکتوبر 2010 میں منعقد ہوئی۔ آسیان اور دیگر ممالک کے درمیان مکالمے اور تعاون میں مزید اضافہ کرنے کی غرض سے، سال 2017 سے،اے ڈی ایم ایم – پلس یعنی آسیان و دیگر ممالک کے وزراء سالانہ میٹنگ کا اہتمام کرتے آرہے ہیں۔ بھارت اور آسیان نے 2022 میں اپنے تعلقات کو مزید ترقی دے کر اسے ’جامع کلیدی شراکت داری‘ کی شکل دی۔اے ڈی ایم ایم – پلس میٹنگ اور بھارت – آسیان وزرائے دفاع کی میٹنگ کے علاوہ، وزیر دفاع شرکاءممالک کے وزرائے دفاع کے ساتھ باہمی میٹنگوں کا بھی اہتمام کریں گے۔ ان ملاقاتوں کے دوران، جناب راج ناتھ سنگھ دفاعی تعاون سے متعلق معاملات اور باہمی مفادات سے متعلق معاملات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیالات کریں گے۔