ایمازون کے 10ہزار ملازمین کو برطرفی کا خطرہ
واشنگٹن ،نومبر ۔ امریکہ کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون نے 10 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کا عندیہ دے دیا۔ یہ برطرفیاں آلات، ریٹیل اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں کی جائیں گی۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ ایمازون کی جانب سے ملازمتوں میں سب سے بڑی کٹوتی ہوگی۔ دنیا بھر میں ایمازون کے ملازمین کی تعداد 15لاکھ سے زیادہ ہے۔ عیسائیوں کے تہوار کرسمس سے پہلے کا وقت ایمازون کے لیے انتہائی منافع بخش ہوتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کرسمس سے پہلے اتنے بڑے پیمانے پر نوکریوں کے خاتمے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی معیشت کی سست رفتاری کی وجہ سے کامیاب کاروباری ادارے بھی دباؤ کا شکار ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ٹوئٹر نے بھی ہزاروں ملازمین کو ملازمت سے نکال دیا تھا۔ ان میں سے کئی ملازمین کو ملازمت سے نکالنے سے قبل آگاہ بھی نہیں کیا گیا بلکہ انہیں اس کا علم اس وقت ہوا جب ٹوئٹر ورک سسٹم تک رسائی ختم کردی گئی۔ اس کے بعد فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے بھی ہزاروں ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا تھا۔