آٹھ سالوں میں ملک دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا: راجناتھ

جھجر، نومبر۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان اگلے آٹھ سالوں میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزادی کے 100 سال مکمل ہونے پر یعنی 2047 تک ہندوستان دنیا کا سب سے طاقتور ملک بن جائے گا۔ وہ اتوار کو ہریانہ کے جھجر ضلع کے بادلی اسمبلی حلقہ کے کولانہ گاؤں میں پرتھوی راج چوہان کے ایک بڑے مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ منوہر لال، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر اوم پرکاش دھنکھڑ، ریاستی بی جے پی کے میڈیا انچارج ڈاکٹر سنجے شرما اور پارٹی کے دیگر لیڈران اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔جلسہ عام کے دوران وزیر دفاع اور وزیر اعلیٰ نے مسٹر دھنکھر کے ذریعہ پیش کئے گئے اسمبلی حلقہ کے مطالبات کو جلسہ گاہ پر ہی عوام کے سامنے مان لیا اور انہیں پورا کرنے کا اعلان کیا۔ متھنیل گاؤں میں سینک اسکول کے مطالبے پر یقین دلاتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ اگرچہ یہ مطالبہ بہت پرانا ہے، پھر بھی وہ پوری کوشش کریں گے۔ پہلے اور اب پالیسیوں میں کافی تبدیلیاں آ رہی ہیں لیکن اگر تھوڑا سا بھی امکان ہو تو سینک اسکول کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔اس موقع پر مسٹر منوہر لال نے راجپوت برادری کی دھرم شالہ کی تعمیر کے لیے کچھ رقم کا اعلان بھی کیا، لیکن سامنے بیٹھے لوگوں نے رقم بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ اس پر وزیر دفاع نے اسٹیج سے ہی مسٹر دھنکھر سمیت ممبران اسمبلی اور ایم ایل ایز سے 11-11 لاکھ روپے دلانے کا اعلان کردیا۔ جس کی وجہ سے لوگوں نے وزیر دفاع، وزیر اعلیٰ، بی جے پی کے ریاستی صدر کا تالیاں بجا کر شکریہ ادا کیا۔

Related Articles